احمد شہزاد کی ڈوپنگ کیس میں عائد پابندی میں 6ہفتے کا اضافہ
لاہور(اسپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز پر ڈوپنگ کیس میں 4ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی جس میں اب 6ہفتوں کا اضافہ کردیا گیا ہے۔احمد شہزاد کو ڈوپنگ کیس میں ملنے والی سزا کی مدت 11نومبر کو ختم ہونی تھی لیکن اوپنر نے سزا ختم ہونے سے قبل ہی 7کلب میچزکھیلے اور پی سی بی کو پیش کی جانے والی وضاحت میں احمد شہزاد نے موقف اختیار کیا کہ مسلم جمخانہ کلب میں بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے بلایا گیا تھا، اس دوران چند میچز کھیلنے کا کہا گیا۔احمد شہزاد نے کہا کہ اپنی غلطی پر نادم اور آئندہ محتاط رہنے کا وعدہ کرتا ہوں۔ پی سی بی نے اوپنر کی اس وضاحت کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ان کی سزا میں 6ہفتوں کا اضافہ کردیا۔رواں سال فیصل آباد میں کھیلے جانے والے پاکستان ون ڈے کپ کے دوران ڈاکٹر لیے جانے کے بعد سے اوپنر کا ستارہ مسلسل گردش میں ہے، حال ہی میں انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے سوئی گیس ٹیم کو جوائن کیا تھا لیکن اب میچز نہیں کھیل پائیں گے۔