سکواش ایونٹ ثابت کریگا بلوچستان کے لوگ امن پسند ہیں:فرحان محبوب
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)ٹاپ پاکستانی سکواش کھلاڑی فرحان محبوب نے کہا ہے کہ بلوچستان محبت کر نے والوں کی سر زمین ہے چار ملکی بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش ایونٹ کو ئٹہ میں انعقاد ثابت کریگا کہ یہاں کے لوگ امن کے داعی ہے ‘ صوبے کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔ بلوچستان انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں انٹرنیشنل سکواش ایونٹ دنیا کو ثابت کرنا ہے کہ بلوچستان کی سرزمین محبت کرنیوالوں کی سرزمین ہے ہم یہاں کھیلوں بالخصوص سکواش کو فروغ دینے آئے ہیں۔ یہاں کا موسم کھیلوںکیلئے انتہائی مفید ہے، بلوچستان میں زیادہ سے زیاد انٹر نیشنل ایونٹ ہونے چاہیئیں،یہاں کے لوگوں نے جو پیار دیا ہے اسے بھلایا نہیں جا سکتا۔انگلینڈ کے ڈیکلن جیمز، میکسیکو کے سیسر سالاسار،ملائشیا کے نافزوان عدنان اور ہانگ کانگ کے لیوہائو نے مدعو کئے جانے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں اس ایونٹ میں شرکت ہمارے لئے اعزاز ہے، یہاں سکیورٹی کے حوالے سے ہمیں کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا۔لوگ محبت کرنے والے اور سکواش کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں اگر دوبارہ بھی موقع ملا تو ہم یہاں آکر ایونٹ میں شرکت کریں گے۔