• news

نیوزی لینڈ ٹیم بہت مضبوط ‘ انکے خلاف سیریز اچھی ہوگی:امام الحق

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) انجری مسائل سے نجات پانے والے پاکستان ٹیم کے اوپنر بلے باز امام الحق کا کہنا ہے کہ چھ سات ماہ سے اچھی فارم میں ہوں۔ نیوزی لینڈ ٹیم بہت مضبوط ہے، انکے خلاف سیریز اچھی ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امام الحق کا کہنا تھا کہ انجری کے دوران تمام سٹاف نے میرا بہت خیال رکھا جس کی بنا پر جلد فٹ ہوا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے ڈاکٹرز نے کم از کم چار ہفتے آرام کا کہا تھا مگر سٹاف کی کوششوں سے تین ہفتے میں ٹھیک ہو گیا۔ ہر میچ کا پریشر ہوتا ہے تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ٹاپ آرڈر کو پرفارم کرنا ہوگا۔ اوپننگ بلے باز امام الحق نے اپنی فٹنس ثابت کر دی ، ون ڈے کپ کے سیمی فائنل میں پی ٹی وی کے خلاف حبیب بنک کی نمائندگی کرتے ہوئے امام الحق نے 60 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی،وہ 85 رنز بنانے میں کامیاب رہے، اس اننگز کے بعد ان کی نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شرکت بھی یقینی ہوگئی ہے۔اوپنر کے ہاتھ کی انگلی آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ٹوٹ گئی تھی، جس پر ان کا دبئی میں آپریشن کرایاگیا، ڈاکٹر کی ہدایت پر انہوں نے دو ہفتے آرام کرنے کے بعد ٹریننگ کی اور اب ایک بارپھر میچ میں ان کی واپسی ہوئی ہے،امام الحق کا کہنا ہے کہ شکر ہے کہ انگلی کی چوٹ سے نجات پانے کے بعد فٹ ہوگیا ہوں، بیٹنگ کے دوران کوئی تکلیف نہیں ہوئی اگر نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیم میں کم بیک کرنے کا موقع ملا تو بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کروں گا۔

ای پیپر-دی نیشن