چیف سلیکٹر صلاح الدین صدیقی کو قومی ہاکی کھلاڑیوں کی فٹنس کھٹکنے لگی
لاہور(سپورٹس ڈیسک) چیف سلیکٹر اصلاح الدین صدیقی کو قومی ہاکی کھلاڑیوں کی فٹنس کھٹکنے لگی۔چیف سلیکٹر اصلاح الدین صدیقی کا کہنا ہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے دوران پلیئرز کی فٹنس معیار کے مطابق نہیں تھی۔اصلاح الدین کا کہنا ہے کہ جدید ہاکی میں کھلاڑیوں کی فٹنس کو غیر معمولی بنائے بغیر تسلی بخش نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ ٹیم مینجمنٹ سے کہوں گا کہ وہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے قومی ٹیم کے ساتھ طویل سیشنز کا اہتمام کرے جس میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھر پور کام کیا جائے۔اصلاح الدین صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ ایشین چیمپئنز ٹرافی کے دوران پاکستانی ٹیم کا پنالٹی کارنر اور پنالٹی شوٹ آوٹ کا شعبہ شاندار رہا اور کھلاڑیوں نے نامساعد حالات کے باوجود عمدہ پرفارم کر کے میچز کے نتائج اپنے نام کئے۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں بھی کھلاڑیوں کو واجبات نہ ملنا افسوس ناک ہے، کھلاڑی اسی وقت اپنے کھیل پر فوکس کر سکیں گے جب انہیں کسی بھی طرح کے مالی مسائل کا سامنا نہیں ہوگا۔ ورلڈ کپ ملکی ہاکی کیلئے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوگا۔