• news

سبزہ زار : ڈولفن فورس کی فائرنگ نیم پاگل شخص جاں بحق ورثا کا احتجاج‘ تین اہلکار گرفتار

لاہور (سٹاف رپورٹر) سبزہ زار میں ڈولفن اہلکاروں کی فائرنگ سے مبینہ طور پر نیم پاگل شخص جاں بحق ۔ڈولفن اہلکاروں کے مطابق مرنے والے شخص نے5شہریوں کو چھریوں کے وار سے زخمی کیا، ورثا کا نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج، 3ڈولفن اہلکار گرفتار کرلئے گئے۔ وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرلی۔ معلوم ہوا ہے کہ تھانہ سبزہ زار کے علاقہ میں نیم پاگل شخص عمیر مبینہ طور پر خنجر کے وار سے شہریوں کو زخمی کررہا تھا۔ واقعہ کی اطلاع 15پر دی گئی جس پر ڈولفن اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور عمیرکو گرفتار کرنے کی کوشش کی اسی دوران عمیر نے ڈولفن اہلکار مبشر کو بھی چھریوں کے وار کر کے زخمی کر دیا اور فرار ہو گیا۔ ڈولفن اہلکاروں نے ملزم کا پیچھا کیا اور فائرنگ کر دی جس سے 2گولیاں عمیر کی کمر اور پاﺅں میں جا لگیں،جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ مرنے والے عمیر کے اہل خانہ نے واقعہ کو پولیس گردی قرار دیتے ہوئے نعش کو بابو صابو انٹرچینج پر رکھ کر پولیس کیخلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔ایس پی اقبال ٹاﺅن سید علی شاہ نے نواں کوٹ واقعہ کی ابتدائی رپورٹ ڈی آئی جی آپریشنز کو پیش کر دی۔ رپورٹ کے واقعہ کی اطلاع دینے والے عصمت اللہ کی طرف سے ایک نیم پاگل شخص کے شہریوں کو چھریاں مارکر زخمی کرنے کی پولیس کو 15پر کال مو صول ہوئی۔ ڈولفن سکواڈ سبزہ زار ٹیم نمبر115موقع پر پہنچی تو مبینہ نیم پاگل شخص عمیرنے ڈولفن ٹیم پر حملہ کر دیا۔عینی شاہدین کے مطابق نیم پاگل شخص عمیر نے حواس کھو نے کے بعد پانچ سے چھ شہریوں کو چھریاں مار کر زخمی کیا، ڈولفن سکواڈکا اہلکار مبشر بھی پیٹ میں چھر یاں لگنے سے زخمی ہوگیا۔مبشر کی کمر پر وار کئے گئے جن کا زخم دل تک گہرا ہے ۔ اسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈولفن فورس کے اہلکار کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا اور آئی جی پنجاب کو واقعے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے اور ذمہ داروں کا تعین کرکے قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ دریں اثنا واقعہ میں ملوث 3ڈولفن سکواڈ اہلکاروں حسین، زبیر اور عبدالرحمن کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈولفن/ فائرنگ

ای پیپر-دی نیشن