• news

کھلاڑی پر عزم، کلین سویپ کریں گے: سرفراز احمد

لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ آج دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوگا۔ پاکستان کو سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے ۔ گرین شرٹس نے مسلسل گیارہویں سیریز جیت کر اپنا ہی عالمی ریکارڈ بہتر کیا ہے ۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دعاکرتا ہوں محمد حفیظ کی بیٹنگ کو نظر نہ لگے۔ اللہ کا شکر ہے لڑکے بہت اچھا کھیل رہے ،کوشش کروں گا اس کارکردگی کو برقرار رکھوں اور اگلے میچز میں بھی لے کر جاوں جبکہ نئے لڑکوں کے آنے سے فیلڈنگ میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہاکہ کارکردگی خراب ہونا اور اچھی ہونا کھیل کا حصہ ہے،حفیظ کو کچھ بھی گھول کر نہیں کھلایا ،محمد حفیظ سے کیچ چھوٹ جاتا ہے لیکن باقی کارکردگی ٹھیک جارہی ہے اور دعاکرتا ہوں محمد حفیظ کی بیٹنگ کو نظر نہ لگے۔سیریزمیں کامیابی کا کریڈ ٹ کھلاڑیوں کوجاتا ہے ۔ جس طرح کھیل پیش کررہے ہیں امید ہے کہ ّآج سیریز میں کلین سویپ کریں گے ۔ تمام کھلاڑی اپنی ذمہ داری سے آگاہ ہیں اور میچ کے دوران جہاں ضرورت ہوتی ہے ہر کھلاڑی اپنا حصہ ملاتا ہے ۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے کہا کہ دونوں میچوں میں مقابلہ اچھا ہو ا ہے ۔ دوسرا میچ جیت سکتے تھے مگر ایسا نہ ہوسکا ۔ کوشش ہوگی کہ تیسرا میچ جیت کر سیریز میں جیت کا مزہ چکھیں ۔ کھلاڑی شکست کو بھول کر میدان میں اتریں گے ۔ فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ زیادہ سے وکٹیں حاصل کروں اور زیادہ سے زیادہ ڈاٹ بال کرائوں کیونکہ اس طرح حریف ٹیم پر دبا ئو بڑھ جاتا ہے ۔ اللہ کا شکر ہے کہ ٹارگٹ کے مطابق گیند کرا رہاہوں اور کامیابی بھی مل رہی ہے ۔ تیسرے میچ میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

ای پیپر-دی نیشن