• news

مانچسٹر میں روحانی محافل اور عرس کی تقریبات

مانچسٹر (عارف چودھری)امیر حمزہ سوسائٹی مانچسٹر کے زیر اہتمام جشن داتا گنج بخش کی تقریب کا انعقاد انتہائی کامیابی سے کیا گیا ۔ قادریہ جیلانیہ اسلامک سنٹر میں منعقد ہونے والی اس روح پرور محفل کے مہمان خصوصی قونصل جنرل پاکستان عامر آفتاب قریشی تھے جبکہ صدارت پیر سید حسنین محبوب گیلانی قادری چشتی نے کی۔ نظامت کے فرائض ممتاز روحانی شخصیت علامہ عظیم جی نے سرانجام دیئے جبکہ اس موقع پر حضرت پیر سید مہر علی شاہ،حضرت سید زندہ پیر اور شاہ عبداللطیف بھٹائی کا عرس بھی منایا گیا۔ دودھ کی سبیل بھی لگائی گئی۔ تقریب کے روح رواں شہزاد مرزا اور چوہدری اعجاز احمد ملہی تھے۔ عامر آفتاب قریشی نے دودھ کی سبیل کے حوالے سے کہا کہ جب حضرت داتا گنج بخش لاہور تشریف لائے تو اس وقت یہاں پر ایک ہندو راجہ کی حکومت تھی جو جادو ٹونے پر عبور رکھتا تھا۔ وہ ہر گھر جہاں بھینس تھی اس کے دودھ کا ایک حصہ لیتا تھا اور اگر کوئی نہ دیتاتو وہ جادو کر دیتا تھا جس سے بھینس کے تھنوں میں دودھ کی بجائے خون آنا شروع ہو جاتا تھا ۔ ایک عورت دودھ لے کر راجہ کے ہاں جا رہی تھی تو داتا گنج بخش نے اس سے کہا کہ دودھ مجھے دے جالیکن عورت ڈری ہوئی تھی۔ داتا نے کہا کہ تو یہ دودھ مجھے دے دے تو نہ صرف تیری بھینس کے تھنوں سے خون نہیں آئے گا بلکہ اس کا دودھ بڑھ جائے گا۔ اس عورت نے وہ دودھ داتا گنج بخش کو دے دیا تواس کی بھینس نے اور زیادہ دودھ دینا شروع کر دیا۔ راجہ نے سنا تو وہ داتا کے پاس آیا اور کہنے لگا کہ اس کے پاس بہت زیادہ طاقت ہے اور پھر وہ ہوا میں اڑنے لگا - تھوڑی دیر کے بعد داتا کے جوتے بھی ہوا میں اڑنے لگے اور راجہ کے سر پر برسنے لگے - اس کے بعد وہ راجہ داتا کا مرید ہوگیا۔ علامہ احمد نثار بیگ قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر حمزہ سوسائٹی کے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔پیر سید حسنین محبوب جیلانی کے خصوصی دعا کروائی۔ مئیر اولڈہم جاوید اقبال بھٹی نے کہا کہ روحانی محافل سے اتحاد و اتفاق کا درس ملتا ہے اور ہمیں یہ محافل جاری رکھنی چاہئیں - ڈپٹی لارڈمئیر مانچسٹر کونسلر عابد لطیف چوہان ، سابق لارڈ مئیر نعیم الحسن، کونسلر شوکت علی ، حاجی غلام مصطفی مغل اور دیگر کمیونٹی رہنمائوں نے بھی تقریب سے خطاب کیا جبکہ وکٹوریہ پارک مسجد کی کمیٹی کے رکن احترام خان نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ عید میلادالنبیؐ کا سالانہ جلوس گیارہ نومبر بروز اتوار نکالا جائے گاجو اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا مرکزی جامع مسجد وکٹوریہ پارک میں اختتام پذیر ہوگا ۔ بہت سے لوگوں کو حضرت پیر سید حسنین محبوب گیلانی قادری چشتی کی طرف سے تعریف چادریں بھی عنائت کی گئیں جبکہ استاد محمد صفدر کو پیر صاحب کی طرف سے خصوصی کلاہ پیش کیا گیا۔ روح منظر تقریب رات دیر تک جاری رہی اور دلچسپی آخری وقت تک قائم رہی۔ تقریب میں عظیم ملک صدر انجمن غلامان داتا‘ محمد صفدر‘ چوہدری شفیق الزمان اور دیگر لوگ بھی نمایاں رہے جبکہ تقریب میں امجد حسین مغل ، مصطفی کمال شیخ ، سہیل حیدر سہوترا ‘ خواجہ کلیم الرحمٰن، گلزار خان، کونسلر شکیل (راچڈیل) ، محمد خالد ،چوہدری نصیر احمد ساہیوالی ،چوہدری غلام احمد،حکیم سید شفقت شاہ ‘حکیم کبیر الدین ‘پیر فقیر شاہ اور دیگر ارکان شامل ہیں ۔ تقریب کے اہتمام پر استاد محمد صفدر نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔

ای پیپر-دی نیشن