• news

فیس بک صارفین کے ذاتی پیغامات آن لائن فروخت ہونے لگے: بی بی سی

لندن (آن لائن)سماجی رابطے کی مقبول و معروف ویب سائٹس گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل صارفین کی خفیہ معلومات کے حوالے مختلف تنازعات کی زد میں ہے۔اب حال ہی میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ فیس بک استعمال کرنے والے افراد کے ذاتی پیغامات انٹرنیٹ پر فروخت کے لیے موجود ہیں۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ہزاروں افراد کی فیس بک کے ذریعے کی جانے والی خفیہ گفتگو ان کی لاعلمی میں فروخت کی جارہی ہیں۔رپورٹ کے مطابق کم از کم 81 ہزار افرادکے نجی پیغامات آن لائن فروخت کے لیے میسر ہیں جن میں بیشتر صارفین کا تعلق امریکہ، برطانیہ، روس،یوکرائن، اور برازیل سے ہے۔اس کاروبار میں شریک ایک شخص نے بی بی سی کو بتایا کہ اس کے پاس تقریبا 12 کروڑ اکانٹس کی تفصیلات موجود ہیں جنہیں وہ فروخت کررہے ہیں۔مذکورہ ہیکرز نے فی اکائونٹ تقریباً ڈیڑھ روپے کے عوض معلومات فراہم کرنے کی پیشکش کی ، یہ معاملہ پہلی بار رواں برس ستمبر میں منظر عام پر آیا تھا جب ایک شخص نے ایف بی سیلر کے نام سے ایک انگریزی فورم پر پوسٹ کی۔پوسٹ میں اس کا کہنا تھا کہ ہم فیس بک استعمال کرنے والے افراد کی ذاتی معلومات فروخت کرتے ہیں اور ہمارے پاس 12 کروڑ اکائونٹس کا ڈیٹا ہے۔مذکورہ دعوے پر جب ایک سائبر سیکورٹی کمپنی نے اس کا جائزہ لیا تو یہ انکشاف سامنے آیا کہ 81 ہزار سے زائد لوگوں کے نجی پیغامات نمونے کے طور پر آن لائن پوسٹ کیے گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن