تحفظ ناموس رسالتؐ کی جدوجہد شدت پسندی نہیں عشق رسول ہے: حامد رضا
لاہور ( سپیشل رپورٹر) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سیاسی و مذہبی قائدین متحد ہو کر ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشیں ناکام بنائیں۔ وزیراعظم عمران خان متکبرانہ لہجہ تبدیل کریں۔ آسیہ کیس کا فیصلہ شرعی تقاضوں کے منافی ہے۔ بیرونی قوتیں پاکستان کے مذہبی معاملات میں مداخلت بند کریں۔ آسیہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے معاملے میں تاخیری حربہ برداشت نہیں کریں گے۔ آسیہ کو بیرون ملک فرار کرایا گیا تو حکومت قائم نہیں رہ سکے گی۔ آسیہ کیس کے حوالے سے پاک فوج پر تنقید کا کوئی جواز نہیں۔ مولانا سمیع الحق کا قتل ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش ہے۔ قوم کے لئے حب عمران نہیں حب رسول زیادہ اہم ہے۔ وزیراعظم کی دھمکی آمیز تقریر نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔ عمران خان کروڑوں عاشقان رسول کو چھوٹا سا گروہ کہنے پر معافی مانگیں۔ جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کا اہل سنت سے کوئی تعلق نہیں۔ پرتشدد احتجاج عاشقان رسول کا شیوہ نہیں۔ ہم نے ہمیشہ انتہا پسندی کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ تحفظ ناموس رسالت کے لئے جدوجہد کرنا شدت پسندی نہیں عشق رسول کا اظہار ہے۔ ناموس رسالت کے تحفظ کے معاملے میں کسی مصلحت کا شکار نہیں ہو سکتے۔ عشق رسول مسلمانوں کا قیمتی ترین اثاثہ ہے۔ عشق رسول کا شعلہ مسلمانوں کے قلب میں حرارت ایمانی کو ٹھنڈا نہیں ہونے دیتا۔ حکومت گرفتار کارکنان کو رہا کرنے کا وعدہ پورا کرے۔ موجودہ حکمران بھی پرانے حکمرانوں کی روش پر چل پڑے ہیں۔ ملک کو سیکولر بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔