• news

وزیراعظم چین میں بھی کنٹینر والی تقریریں کر رہے ہیں: احسن اقبال

لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور قائد نواز شریف کی خواہش کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو جدید تقاضوں کے مطابق گلی گلی محلے محلے منظم کرنے کے کام کاآغاز کر دیا ہے اور پارٹی میں کارکنوں کو خصوصی مقام دیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کی حکومت دنوں میں زیرو ہوئی ہے۔ وزیراعظم چین میں وہی تقریریں کر رہے ہیں جو ڈی چوک میںکنٹینر پر کھڑے ہو کر کرتے تھے۔ وہ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو کر رہے تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ کی نظریاتی بنیادیں ملک کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔ پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کا ایک ہی نظریہ ہے جو آپس میں جڑا ہوا ہے مسلم لیگ مضبوط ہوتی ہے تو ملک مضبوط ہوتا ہے۔ مسلم لیگ کمزور ہو جائے تو ملک کمزور ہو جاتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ کوئی حکومت دنوں میں زیرو ہو گئی۔ جن لوگوں نے اسے ووٹ دئیے تھے وہ بھی سجدہ سہو کر رہے ہیں۔ وزیراعظم چین میں بھی ملک کے عیب اور اپنی برائیاں پیش کر رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسی ہو یا خارجہ پالیسی، داخلہ پالیسی ہو یا امن و امان کی صورتحال تمام امور میں ناتجربہ کار حکمرانوں نے منہ کی کھائی ہے، دنیا میں تیل کی قیمت کم ہو رہی ہے اور یہاں پٹرول اور ڈیزل مہنگا کر دیا گیا ہے، ہم اس معاملے کو اسمبلی میں اٹھائیں گے اور مطالبہ کریں گے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔ حالیہ دھرنے اور اس کے نتائج کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو جن حالات کا سامنا ہے وہ مکافات عمل ہے۔ انہوں نے جیسا کیا تھا ویسا ہی بھر رہے ہیں۔ دریں اثناءمسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بیجنگ میں بھی خود کو فرشتہ اور باقی سب کو چور کہنے کی گردان جاری ہے۔ وزیراعظم یہی خطاب ریاض میں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں بھی فرماچکے۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میںخواجہ سعد رفیق کا کہنا تھاکہ اتنی نہ بڑھا پاکی داماں کی حکایت، دامن کو ذرا دیکھ ذرا بند قبا دیکھ۔
احسن اقبال /سعدرفیق

ای پیپر-دی نیشن