شہباز شریف سے اہل خانہ کی ملاقات، آج پارلیمانی پارٹی اجلاس کی صدارت کرینگے
اسلام آباد(این این آئی+ آن لائن+ وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف سے ان کے اہل خانہ نے سب جیل اپوزیشن لیڈر ہاﺅس میں ملاقات کی اور رات کا کھانا ساتھ کھایا۔ پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ حمزہ شہباز، ان کی اہلیہ اور والدہ نصرت شہباز نے اسلام آباد میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا کہ فیملی سے ملاقات میں نیب کسیز سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔ علاوہ ازیں سلمان شہباز شریف کے بیٹے کی ولادت سے متعلق بھی ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی۔ منسٹرز انکلیو میں اپوزیشن لیڈر ہاﺅس کو نیب نے سب جیل قرار دے رکھا ہے۔ خیال رہے کہ میاں شہباز شریف قومی اسمبلی اجلاس کے باعث آجکل پروڈکشن آرڈر پر اسلام آباد میں مقیم ہیں۔ اس ضمن میں بتایا گیا کہ شہباز شریف پیر کی شام مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ شہباز شریف (آج) پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں تقریر بھی کریں گے۔ دریں اثنا مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج پیر کو دن ساڑھے تین بجے پارلیمنٹ ہا¶س کے کمیٹی روم نمبر 2 میں منعقد ہو گا ۔ اس ضمن میں مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اجلاس کی صدارت پارٹی صدر شہباز شریف کریں گے ۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال کے معاملات زیر بحث لائے جائیں گے۔ دوسری طرف اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا گزشتہ روز بھی پمز میں میڈیکل چیک اپ نہ ہوسکا۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے بتایا کہ شام تک انکے پاس میاں شہبازشریف کو نہیں لایا گیا جبکہ ڈاکٹر وسیم خواجہ نے بتایا کہ ان کیلئے کارڈیالوجی میں دو روز تک کمرہ خالی رکھا گیا لیکن وہ پمز نہیں لائے گئے۔
شہبازشریف/ ملاقات