سندھ حکومت ہمارے بغیر نہیں چل سکتیق غنڈہ راج کا خاتمہ ضروروی : فواد چوہدری‘ مہم جوئی کے نتائج سنگین ہونگے : پیپلز پارٹی
کراچی (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان نیا سٹرٹیجک معاہدہ ہوا ہے جو نہایت اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کو بہت سے چینلنجز کا سامنا ہے کراچی کے صاف پانی کا مسئلہ جلد حل کرلیا جائے گا یو اے ای سے اس سلسلے میں بات چیت ہور رہی ہے،سندھ میں غندہ گردی کا راج ہے، غنڈہ راج کا خاتمہ ضروری ہے، ہمیں گورنر راج لگانے کی ضرورت نہیں، سندھ حکومت ہمارے بغیر نہیں چل سکتی۔ صوبائی حکومت جواب دے وفاق کی جانب سے اسے 75ہزار کروڑ روپے دیئے گئے وہ کہاں گئے،جن وعدوں کی بنیاد پر ہم منتخب ہوکر آئے ہیں انھیں پورا کرنا شروع کردیا ہے،یہ تاثر غلط ہے حکومت نے دھرنا دینے والوں کے سامنے گھوٹنے ٹیک دیئے جو لوگ املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث ہیں انھیں نہیں چھوڑا جائے گامذہب کے نام پر جو کچھ کیا گیا وہ بغاوت کے زمرے میں آتا ہے حکمت عملی کے تحت ہم نے دھرنے کے معاملے کو نمٹایا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کے روز انصاف ہاﺅس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ خرم شیر زمان، اشرف قریشی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ چین اور پاکستان نئے اسٹریٹیجک دور میں داخل ہوگئے ہیں چین اور پاکستان کے درمیان نیا ہونے والا معاہدہ نہایت اہمیت کا حامل ہے چین ہمیشہ سے پاکستان کو بہت اچھا دوست رہا ہے اور پاکستان کے ساتھ کندھا سے کندھا ملا کر چلا ہے جلد چین کے تعاون سے پاکستان اپنا پہلا خلاباز خلا میں بھیج رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو بہت سے بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کا اندازہ حکومت سے باہر بیٹھے لوگوں کو نہیں ہوسکتا جو کچھ حالات ہیں وہ سب کے سامنے ہیں انھوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر احتجاج کرنے والوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے نقصان کا اندیشہ تھا جو لوگ آج ہم پر اس حوالے سے تنقید کر رہے ہیں کہ ہم نے طاقت کا استعمال کیوں نہیں کیا کل وہ ہی لوگ یہ کہہ رہے ہوتے حکومت نے طاقت کا استعمال کیوں کیا۔ پاکستان آئین کے تابع ہے جبکہ آئین قرآن و سنت کے تابع ہے احتجاج مظاہرین کے خلاف کوئی کارروائی نہ کیا جانا اسے حکومت کی کمزوری نہ سمجھا جائے یہ تاثر غلط ہے کہ حکومت نے احتجاجی مظاہرین کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے جن لوگوں فوج، اور عدلیہ کے خلاف باتیں کیںاور املاک کو نقصان پہنچایا اسے کسی صوررت میں بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ہے حکومت نے حکمت عملی کے تحت مظاہرین سے معاملات طے کئے۔ احتجاجی مظاہرین نے جو کچھ کیا اس سے آئین و قانون اور پاکستانی عوام کی توہین ہوئی ہے۔ سیاسی، فوجی، عدالتی قیادت کی توہین بغاوت ہے، معاف نہیں کریں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی کے آج کے دورے میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے پارلیمینٹرین سے ملاقات کی ہے انھوں نے سندھ حکومت کی شکایت ہے کہ وہ ان کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے، غنڈہ گردی اور لسانی سیاست ہمیشہ سے پی پی کی روایت رہی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ میں غنڈہ راج ہے 60 اور 70ءکی دہائی سے سندھ لسانی سیاست کی لپیٹ میں رہا ہے اس کا کریڈٹ پاکستان تحریک انصاف کو جاتا ہے کہ اس نے آکر سندھ سے لسانی سیاست کا خاتمہ کیا۔ آئندہ کے عام انتخابات میں ہم سندھ سے دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ ہم نے یہاں سے منفی سیاست کا جنازہ نکال دیا ہے، ہم نے خیبر پختونخوا سے بھی قوم پرستی کی سیاست کا خاتمہ کیا ہے جے یو آئی نے وہاں مذہب کا لبادہ اوڑھ رکھا تھا اسے بھی ہم نے ختم کیا ہے۔ بھٹو کی پارٹی اور موجودہ پیپلز پارٹی میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ ہم جب بھی پارلیمنٹ میں کرپشن کے حوالے سے بات کرتے ہیں خورشید شاہ ناراض ہوجاتے ہیں اوروہ پارلیمنٹ سے باہر چلے جاتے ہیں یہ تو چور کی داڑھی میں تنکا والی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی پولیس کا جو حال ہے وہ سب کے سامنے ہے ہم اگر کوئی بات کرتے ہیں تو اسے صوبائی خود مختاری میں مداخلت قرار دے دیا جاتا ہے۔ وفاقی حکومت سندھ حکومت کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے اگر وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ عدم تعاون کرے تو سندھ حکومت کے لئے مشکلات پیدا ہوجائیں گی۔ لیکن سندھ کے حکمرانوں کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی ذمے داریوں کو پہچانیں۔ انھوں نے کہا کہ احتساب کے معاملے میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے مقدمات کے حوالے سے کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا نہ ہی انھیں کوئی این آر او دیا جائے گا۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر احتجاج کرنے والوں کی اخلاقیات کو یہ حال ہے کہ ایک پانچ سالہ بچے سے کیلے چھین لئے۔ رکشے ٹیکسی جلائے گئے۔ کاروں میں بیٹھی خواتین کو تنگ کیا گیا۔ فواد چودھری نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبہ میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول، سرمایہ کاری کےلئے دی جانے والی مراعات، وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں، وزیراعظم کی جانب سے کراچی کےلئے اعلان کردہ ترقیاتی پیکج، اس پر ہونے والی پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر کہاکہ صوبہ کی تعمیر و ترقی کےلئے صوبائی حکومت اور بلدیاتی اداروں سے تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ ان کی رائے کو شامل کرکے ترقیاتی منصوبوں کو معیار کے مطابق اور بروقت مکمل کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ وفاقی حکومت پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے اور صوبہ سندھ کے مسائل کے حل کی جانب وزیر اعظم کی خصوصی توجہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اظہار کہاکہ وزیراعظم کی قیادت میں نئے پاکستان کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہو گا۔ دریں اثناءگورنر سندھ عمران اسماعیل سے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے بھی گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نجکاری نے کہاکہ نجی شعبے کی شراکت سے سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔
فواد چودھری
کراچی (ایجنسیاں+سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے سندھ حکومت کے خاتمے سے متعلق بیان پر صوبائی حکومت نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، سندھ حکومت کے ترجمان وہاب مرتضی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر کی جانب سے سندھ حکومت کے خاتمے کی جانب اشارہ افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان فواد چوہدری کے بیان کی وضاحت کریں۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری سندھ حکومت کے دن نہ گنیں بلکہ وفاق میں اپنی کارکردگی کی فکر کریں۔ وفاقی وزیر ایسے سنسنی خیز بیانات دے کر عوام کی توجہ وفاقی حکومت کی نااہلی سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہاکہ فواد چوہدری نے سندھ حکومت کے خاتمے کی بات کرکے وفاق کے عزائم ظاہر کر دیئے ہیں۔ سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے وفاقی وزیر اطلاعات کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہاکہ فواد چوہدری فساد چوہدری نہ بنیں اور کان کھول کر سن لیں، صوبے خودمختار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک تین دن تک یرغمال رہا اس وقت فواد چوہدری کہاں تھے، عمران خان نیازی نے عدلیہ اور فوج کو گالیاں دینے والوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا مینڈیٹ چوری کر کے نیازی کی گود میں ڈال دیا گیا۔ سعید غنی نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی ملتوی کیے جانے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کا کورم ٹوٹنا نیازی حکومت کے لیے باعث شرم ہے۔پیپلز پارٹی کے ترجمان مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سندھ میں لسانی سیاست کو ہوا دے رہی ہے، ان کا حال بھی وہی ہوگا جو ان سے پہلے والی لسانی جماعت کا ہوا، سندھ حکومت کو ہٹانے کی کوشش ہوئی تو وفاقی حکومت بھی نہیں رہے گی۔ترجمان پیپلز پارٹی نے کہا وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے اور کسی بھی مہم جوئی سے باز رہے ورنہ نتائج سنگین ہونگے۔ تحریک انصاف سندھ حکومت کے خاتمے کے خواب دیکھنا بند کرے۔ انہوں نے کہاکہ صوبوں کے وجود کے ساتھ چھیڑ خانی وفاق کے ساتھ کھلواڑ ہوگا، تحریک انصاف پہلے دن سے اٹھارویں ترمیم کے درپے ہے، ہم اٹھارویں ترمیم اور وفاق کے محافظ ہیں، دونوں پر پہرہ دیں گے۔
فواد چودھری/ ردعمل