عالمی فوجداری عدالت کا لیبیا سے سیف قذافی اور محمود الورفلی کی حوالگی کا مطالبہ
دی ہیگ (اے پی پی) ہیگ میں قائم عالمی فوجداری عدالت کی چیف پراسیکیوٹر فاتو بیسودا نے اسلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لیبیا کے سابق سربراہ معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام کو پکڑنے اور انہیں مذکورہ عدالت میں پیش کرنے کے لیے حرکت میں آئے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق فاتو بیسودا نے اپنے بیان میں عسکری کمانڈر محمود الورفلی کو حوالے کیے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ الورفلی، جو موت کے افسر کے نام سے جانا جاتا ہے، جنرل خلیفہ حفتر کی قیادت میں لیبیا کی مسلح افواج میں شامل ہے۔چیف پراسیکیوٹر نے سلامتی کونسل کے ارکان کو بتایا کہ الورفلی کو جنگی جرائم کے مرتکب ہونے کے الزامات کا سامنا ہے۔ فاتو کے مطابق الورفلی 2016ء اور 2017ء کے دوران لیبیا میں سات واقعات میں براہ راست شریک رہا جس میں 33 افراد کو موت کے گھاٹ اتارا گیا۔