پشاور: کروڑوں روپے کی ہیروئن پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام، ملزم فرار
پشاور (بیورو رپورٹ) کسٹم انٹیلی جنس پشاور نے کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی ہیروئن پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی جبکہ ملزمان، اہلکاروں کو چکما دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، اس کارروائی کے دوران ملزمان اور کسٹم انتظامیہ کے مابین فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تاہم واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ایف بی آر پشاور ڈاکٹر ارسلان سبکتگین کے مطابق اُنہیں خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کسی بھی وقت گاڑی نمبر ایل ایکس ایچ 6396 کے ذریعے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات قبائلی ضلع سے براستہ پشاور پنجاب سمگل کی جائے گی۔ اطلاع کو مصدقہ جانتے ہوئے ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے رشکئی انٹرچینج نوشہرہ کے قریب ناکہ بندی پر مذکورہ گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کی بجائے بھگا دی، اہلکاروں نے ملزمان کا پیچھا کیا تو انہوںنے فائرنگ کردی جس سے اہلکار محفوظ رہیں تاہم جوابی کارروائی میں ملزمان کچھ فاصلے پر گاڑی چھوڑ کر قریبی واقع آبادی میں روپوش ہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس کے مطابق ملزمان کی جانب سے چھوڑی گئی گاڑی کی تلاشی لی گئی تو اُس کے خفیہ خانو ںسے تقریبا 23 کلو اور500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی جن کی مالیت 2 کروڑ 35 لاکھ روپے بنتی ہے ۔