عالمی کپ کی تیاری ‘قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ کل سے شروع ہوگا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) عالمی کپ ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ کل سے لاہور میں شروع ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سلیکشن کمیٹی کی سفارش پر تربیتی کیمپ میں 26 کھلاڑیوں کو طلب کر رکھا ہے جنہیں آج کیمپ کمانڈنٹ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پاکستان ٹیم کے معاون کوچ ریحان بٹ کا کہنا ہے کہ کیمپ میں ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں سامنے آنے والے خامیوں پر پانے پر کام کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی کھیل کو اس وقت فنڈز کی اشد ضرورت ہے اس کے بغیر ٹورنامنٹ کی تیاری مکن نہیں ہے۔ اگر حکومت کو فیڈریشن کے حکام پر اعتماد نہیں ہے تو اس پر اپنا کوئی نمائندہ تعینات کر دیا جائے جو فنڈز کے استعمال پر چیک اینڈ بیلنس رکھ کر حکومت کو رپورٹ کرئے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے تربیتی کیمپ میں بلائے جانیوالے کھلاڑیوں میں عمران بٹ، مظہر عباس، امجد علی، محمد عرفان سینئر، راشد محمود، محمد علیم بلال، عماد شکیل بٹ، مبشر علی، تصور عباس، محمد رضوان سینئر، محمد توثیق ارشد، علی شان، محمد عمر بھٹہ، ابوبکر محمود، شفقت رسول، محمد اظفر یعقوب، محمد ارسلان قادر، اعجاز احمد، محمد عرفان جونیئر، محمد زبیر، محمد رضوان جونیئر، محمد دلبر، محمد عتیق ارشد، فیصل قادر، محمد عاطف مشتاق اور سارن بن قمر شامل ہیں۔