• news

شہباز سینئر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن ایگزیکٹو بورڈ کے رکن منتخب

لاہور (سپورٹس ڈیسک )پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز سینئر کو بھارت میں منعقدہ انتخابات میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے 4 رکنی ایگزیکیٹو بورڈ میں رکن منتخب کیا گیا۔ایف آئی ایچ کا 46 واں کانگریس اجلاس بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہوا جس میں دنیا بھرسے 250 مندوبین نے شرکت کی جہاں 2 مرد اور 2 خواتین امیدواروں کو ایگزیکٹو بورڈ اراکین کے لیے منتخب کیا گیا۔جرمنی کے ڈاکٹر مائیکل گرین، شہباز سینئر کیساتھ رکنیت حاصل کرنیوالے دوسرے مرد امیدوار ہیں، خواتین کی نشستیں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کی ماورین کریگ روسو اور گھانا کی ایلزبیتھ سوفوا کنگ کے نام رہیں۔ہاکی کے عظیم کھلاڑیوں میں شمار ہونیوالے شہباز سینئر اپنے چار سالہ مدت کے دوران پاکستان ہاکی میں آنیو الے اتار چڑھاو کے باعث پی ایچ ایف کے سیکرٹری کے طور پر اپنے کردار کو نکھار نہیں پائے۔شہباز سینئرنے پاکستان کے لیے 300 بین الاقوامی میچ کھیلے اور ان کی قیادت میں پاکستان نے 1994 میں سڈنی میں ورلڈ کپ جیتا، وہ 1990 اورسڈنی میں 1994 کے ورلڈکپ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔ان کی قیادت میں پاکستان نے 2002 کے اولمپک گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا جو بارسلونا میں منعقد ہوئے تھے۔شہبازسینئر ایف آئی ایچ کے انتخابات کے بعد بھارت سے براستہ واہگہ بارڈر واپس آئیں گے جبکہ انہوں نے 2018 ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کی نئی انتظامیہ کا اعلان کر دیا ہے جو 28 نومبر سے 16 دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن