جلتی آگ پر پانی ڈالنے والوں میں نام لکھوایا‘ حکومت کو چین سے کچھ نہیں ملا : شہبازشریف
اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی+ صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس قومی اسمبلی کے کمیٹی روم میں پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور داخلی صورتحال کا جائزہ لیاگیا اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے غور کیا گیا۔ مزید برآں صباح نیوز کے مطابق شہباز شریف کا کہنا ہے وزیراعظم عمران کے دورہ چین سے حکومت کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب میں ارکان کو ان اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جو اپوزیشن نے حالیہ دھرنے کے دوران امن کے قیام کے لئے اٹھائے۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کا مثبت کردار حکمرانوں کے لئے ایک مثال ہے۔ اپوزیشن نے ماضی کی اپوزیشن کے طرزعمل سے ہٹ کر قوم اور ملک کے مفاد میں قابل تقلید کردار اداکیا اور جلتی آگ پر تیل ڈالنے کے بجائے پانی ڈالنے والوں میں اپنا نام لکھوایا۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں پی ٹی آئی نے ایسے ہی مواقع کو اپنے سیاسی مفادات کے لئے بے رحمی سے استعمال کیا تھا۔ لیکن موجودہ اپوزیشن بالخصوص مسلم لیگ (ن) نے اس معاملے پر سیاست کے بجائے عوام اور ملک کے مفاد کو مدنظر رکھا اور امن کے قیام کے لئے مثبت روایت قائم کی۔ اجلاس نے گزشتہ جمعے کے دن حکومت کی جانب سے اپنے طلب کردہ اجلاس میں کورم کی نشاندہی کی مذمت کرتے ہوئے اسے حکومتی بوکھلاہٹ، گھبراہٹ اور غیرپارلیمانی حرکت قرار دیا اور کہا انتہائی حساس صورتحال میں طلب کردہ اجلاس کو حکومت نے کورم کی نشاندہی کرکے جس انداز میں ختم کیا اس سے ظاہرہوتا ہے حکومت چیلنجز سے نمٹنے کی اہلیت اور حوصلہ نہیں رکھتی اور نہ ہی اس نے اس ظرف کا مظاہرہ کیا کہ وہ پارلیمان سے رہنمائی حاصل کرے۔ اجلاس میں ارکان نے تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا ملک سنگین معاشی گرداب میں ہے جس سے نکلنے کی کوئی صورت دکھائی نہیں دے رہی کیونکہ حکومت کے پاس کوئی معاشی وژن نہیں اور نہ ہی کوئی حکمت عملی موجود ہے۔ خراب معاشی صورتحال اور گیس، بجلی اور دیگر اشیاء کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تازہ بم عوام پر گرانے سے مہنگائی کا سونامی آچکا ہے جس نے عام عوام سمیت معاشرے کے تمام طبقات کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ معاشی، زرعی، تجارتی، صنعتی سرگرمیوں میں بتدریج کمی آرہی ہے جو کسی معاشی حادثے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے کمرتوڑ مہنگائی کے ساتھ بیروزگاری میں اضافے نے صورتحال کو بد سے بدترین بنادیا ہے۔ پارٹی نے اپنے قائد محمدنوازشریف اور ان کی قیادت میں سابق حکومت کے ان اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا جو عوام کو ریلیف دینے کا باعث بنے۔ اجلاس نے کہا ایک طرف عوام پر بوجھ میں اضافہ کیاجارہا ہے تو دوسری جانب وفاقی اور صوبائی کابینہ میں مسلسل اضافہ کرکے کفایت شعاری اور کابینہ کا حجم چھوٹا رکھنے کے پی ٹی آئی کے دعووں کے جھوٹ ہونے کا ایک اور ثبوت سامنے آچکا ہے۔ وقت ثابت کررہا ہے تمام کاروبار حکومت جھوٹ پر چل رہا ہے لیکن اپوزیشن قوم کو ہر لمحہ سچ بتاتی رہے گی اور حکومت کو اس کے وعدے یاد کراتی رہے گی۔ اجلاس میں میڈیا سنسرشپ کی شکایات اور اطلاعات کی مذمت کرتے ہوئے کہاگیا مسلم لیگ (ن) میڈیا کی آزادی کو جمہوریت کی مضبوطی کے لئے لازمی تقاضا سمجھتی ہے۔ اجلاس میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ظلم وبربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا گیا مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔ اجلاس میں کہا گیا لوکل باڈیز کے خلاف موجودہ حکومت کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے مسلم لیگ (ن) اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ پارٹی صدر نے ہدایت کی پچیس جولائی کے عام انتخابات میں دھاندلیوں کی تحقیقات کے لئے قائم پارلیمانی کمیٹی میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان بھرپور حصہ لیں اور انتخابی دھاندلیوں سے متعلق تمام حقائق اور شواہد کمیٹی میں پیش کئے جائیں تاکہ قوم کو تاریخی بدترین دھاندلی کے اصل حقائق سے آگاہ کیا جاسکے۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا پی ٹی آئی حکومت کے اولین سو دن کی کارکردگی پر حقائق نامہ جاری کیاجائے گا اور عوام کو موجودہ حکومت کی ناکامیوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں مولانا سمیع الحق کے قتل کی مذمت کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا اس بہیمانہ قتل میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔ مولانا سمیع الحق، سردار خالد ابراہیم اور شہداء کشمیر کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور کرکٹ ٹیم کو حالیہ کامیابی پر مبارکباد بھی دی گئی۔
اسلام آباد (صباح نیوز + نیٹ نیوز) میڈیکل بورڈ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا دوبارہ تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد میڈیکلی فٹ قرار دے دیا۔ بورڈ نے شہباز شریف کی تمام ٹیسٹ رپورٹس تسلی بخش قرار دے دیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے صبح 7 بجے منسٹر انکلیو میں شہباز شریف کا معائنہ کیا، میڈیکل بورڈ نے خالی معدہ شہباز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا، ڈاکٹرز نے شہباز شریف کا بلڈ پریشر، ای سی جی ٹیسٹ بھی کیا، شہباز شریف کے معدے، گردوں، مثانے کے الٹراساﺅنڈ ٹیسٹ کئے گئے، اپوزیشن لیڈر کا بی پی، ای سی جی، الٹراساﺅنڈ رپورٹس نارمل نکلیں۔ میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کا میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ نیب کو فراہم کر دیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شہباز شریف سے ان کے وکیل امجد پرویز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی۔ شہباز شریف کے وکیل نے ان سے نیب کیسز پر مشاورت کی۔ شہباز شریف کا جسمانی ریمانڈ بدھ کو ختم ہو رہا ہے۔ نیٹ نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے اپنے بھائی میاں شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی شہباز شریف سے نیب کی سب جیل میں ملاقات ہوئی ہے۔ نواز شریف نے شہباز شریف کی خیریت دریافت کی، اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نوازشریف / ملاقات