حکومت مقتدر ادارے سمیع الحق قتل کی سازش بے نقاب کریں : حامد الحق جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان
راولپنڈی + پشاور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) اکوڑہ خٹک میں دارالعلوم حقانیہ میں مولانا سمیع الحق کی رسم قل ادا کی گئی۔ جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ جمعیت علمائے اسلام (س) کے مرحوم سربراہ مولانا سمیع الحق کے بہیمانہ قتل کے خلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ اس بات کا اعلان جے یو آئی (س) کے قائم مقام امیر اور مرحوم کے صاحبزادے مولانا حامد الحق نے کیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن گزشتہ روز تعزیت کیلئے اکوڑہ خٹک پہنچے۔ انہوں نے مولانا سمیع الحق کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی دعا پڑھائی۔ بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا مولانا سمیع الحق پر قاتلانہ حملہ تاریخ کا سفاکانہ باب۔ آج میں جو کچھ بھی ہوں اسی دارالعلوم کی وجہ سے ہوں۔ سمیع الحق کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ دشمن وار کر رہا ہے مگر کامیاب نہیں ہو رہا۔ آئی این پی کے مطابق دارالعلوم حقانیہ میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا سمیع الحق کا قتل سازش کے تحت کیا گیا، ہم جے یو آئی (س) کے احتجاج میں شریک ہوں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حامد الحق نے کہا مولانا سمیع الحق کیخلاف سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈا بند کیا جائے، ہم چاہتے تو حکومت دو دن میں گرا سکتے تھے مگر جمہوریت کی عزت کرتے ہیں، اندازہ ہے کہ مولانا سمیع الحق کے قتل کے پیچھے کون سی طاقتیں ہیں۔ قتل کے پیچھے وہ لوگ ہیں جو پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ ہم تحقیقات میں پیش رفت کا انتظار کر رہے ہیں۔ تحقیقات میں کوئی کوتاہی محسوس ہوئی تو مذہبی جماعتوں سے بات کریں گے۔ آئی این پی کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے مولانا سمیع الحق کے قتل کی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں جو لوگ ملک میں انتشار دیکھنا چاہتے ہیں ان کی بھی تلاش جاری ہے۔ وزیراعظم کو واقعہ سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے گی اور قتل میں ملوث افراد کو سزا دی جائے گی۔ کیس کی تحقیقات کے حوالے سے کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے تحقیقات پر اثر پڑے۔ قبل ازیں وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے مدرسہ حقانیہ میں مولانا سمیع الحق شہید کے بیٹے سے ملاقات کی اور مغقرت کیلئے دعا کی۔ وزیراعظم مملکت نے یقین دہانی کرائی قاتلوں کو جلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ بیورو رپورٹ کے مطابق جمعیت علماءاسلام کی مرکزی مجلس عاملہ اور چاروں صوبوں کے نمائندوں کا ہنگامی اجلاس دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں منعقد ہوا جس میں قائد جمعیت مولانا سمیع الحق کی شہادت اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا، اجلاس میں حکومت اور اسکے مقتدر اداروں سے مطالبہ کیا گیا وہ مولانا سمیع الحق شہید کے قتل کی سازش کو بے نقاب کریں اور قاتلوں کو تلاش کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا جمعیت کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس 11-12 نومبر کو لاہور میں منعقد ہوگا جس میں مولانا کی شہادت ا ور اس سلسلے میں حکومتی ذمہ داری کے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اپنے سٹاف رپورٹر سے کے مطابق قتل کیس کی تفتیش میں تاحال پولیس کوئی پیشرفت نہ کر سکی جبکہ جائے واردات کے اطراف لگے کئی کیمرے بھی درست حالت میں نہ ملے۔ پولیس قتل کیس میں غیرملکی ہاتھ کو تاحال خارج ازامکان قرار نہیں دے سکی۔ یہ پہلو مدنظر رکھا جا رہا ہے کہ ملزمان کا تعلق افغانستان سے ہو سکتا ہے۔
سمیع الحق/ قتل