• news

تحریک لبیک پر پابندی کا ارادہ نہیں، آسیہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ عدالت کریگی: وزیر مذہبی امور

پشاور (نوائے وقت رپورٹ+بیورورپورٹ) وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کرنے کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسیہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ نورالحق قادری نے کہا کہ آسیہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے لیکن آسیہ کا نام ای سی ایل میں قانونی طریقے سے ڈالا جائے گا۔ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں اس حوالے سے مقدمات زیرسماعت ہیں۔ ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدے پر قائم ہیں جس پر من و عن عمل کیا جائے گا تاہم جن جن لوگوں نے عوامی املاک کو نقصان پہنچایا تھا ان کے خلاف کارروائی ہو گی۔ تحریک لبیک بھی فساد کرنے والوں کے خلاف کارروائی پر متفق ہے۔ تحریک لبیک پر پابندی کا کوئی ارادہ نہیں، جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ محبت کا اظہار کرتے ہیں ان کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی لیکن اگر کسی کا بیانیہ پاکستان کے آئین اور قومی اتفاق و اتحاد کے خلاف ہوگا تو ان کے خلاف کارروائی ضرور کریں گے۔ مستقبل میں اس طرح کی کسی بھی صورت حال کے تدارک کے لیے موثر حکمت عملی اپنا رہے ہیں، حکومت اور ریاست کا کردار ماں کی طرح ہوتا ہے اور حکومت کی اولین ذمہ داری امن کو بحال کرنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن