• news

امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کے نتائج میں ڈیموکریٹس کو واضح برتری حاصل

واشنگٹن (این این آئی+ نیٹ نیوز) امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کے نتائج میں ڈیموکریٹس کو واضح برتری حاصل ہے اور ایوان نمائندگان میں انہوں نے19 نشستیں ری پبلکنز سے چھین لی ہیں تاہم 435 میں سے 199 نشستوں پر ری پبلکنز اور 222 پر ڈیموکریٹس کو برتری حاصل ہے۔ سینٹ میں 51 نشستوں کے ساتھ ری پبلکنز کو واضح سبقت حاصل ہے جبکہ ڈیموکریٹس کو 43 نشستیں مل سکیں۔ اسی طرح امریکی ریاستوں کے50 میں سے 36 گورنروں کا انتخاب بھی ہوا جس میں سے ڈیموکریٹس نے ری پبلکنز سے گورنر کی 3 نشستیں بھی چھین لیں جس کے بعد ری پبلکنز کے گورنرز کی تعداد 26 اور ڈیموکریٹس گورنرز کی تعداد 23 ہو گئی۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات میں کامیابی پر امریکی عوام سے اظہار تشکر کیا ہے۔ امریکی الیکشن کے دوران ووٹ کے حق سے متعلق تنظیموں کو 10 ہزار شکایات موصول ہوئی ہیں۔ انتخابات میں کئی بڑے برج الٹ گئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 105 سال میں وسط مدتی انتخابات میں صرف 5 امریکی صدور نے کامیابی حاصل کی۔ ٹرمپ نے مڈٹرم الیکشن میں کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا ری پبلکنز کو آج بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔ اس پر وہ سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے ٹرمپ نے اپنی تعریف خود کر ڈالی اور کہا امریکی صدر حیران کن ووٹ حاصل کرنے والے مہم جو ہیں۔ ری پبلکنز غیر یقینی حد تک خوش قسمت ہیں کہ ان کو ٹرمپ جیسا رہنما ملا۔ امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنز عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ جیف سیشنز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط میں لکھا کہ آپ کے حکم پر استعفیٰ دے رہا ہوں۔
شکست

ای پیپر-دی نیشن