میرا علاج کرانے کی بجائے شاہد خاقان ایل این جی میں کمائی کمیشن واپس کردیں: فیاض الحسن
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آبائی حلقے میں شکست کھانے کے بعد شاہد خاقان عباسی سیاسی طور پر حمزہ شہباز کی زکوٰة پر پل رہے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردِعمل میں کہاکہ شاہد خاقان عباسی اپنے آبائی حلقے میں شکست کھانے کے بعد اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔ ان کو چاہئے کہ میرے علاج کی فیس ادا کرنے کی پیشکش کے بجائے وہ ایل این جی کیس میں کھائی گئی کمیشن واپس کر دیں۔ یہ ان کا پاکستانی قوم پر احسان ہو گا۔ ان کی مثال چپ چپیتا مارے گیتا فیر وی آکھے کجھ نہیں کیتا کے مترادف ہے یعنی قوم کا اربوں روپیہ لوٹ کر کھا گئے اور کہتے ہیں کہ میں نے کچھ نہیں کیا۔ میں نے جو کہا ہے کہ دھرنے میں توڑ پھوڑ کرنے والوں کو ن لیگ کی آشیرباد تھی تو اس کے ثبوت تو سوشل میڈیا پر موجود ہیں۔ اسمبلی کے فلور پر ان کا حکومت کو سپورٹ کرنا دراصل بین الاقوامی برداری کو یہ دکھانا تھا کہ ہم انتہا پسندی کے خلاف ہیں مگر اندرونی سطح پر ان کی کوشش تھی کہ آگ مذید بھڑکے اور تحریک انصاف کی حکومت مشکل میں آئے۔ ان کے یہ الزامات کہ مظاہرین کی گرفتاریاں صرف خانہ پری ہیں دراصل اس بات کا ثبوت ہیں کہ ان کو یہ حقیقت ہضم نہیں ہو رہی کہ گزشتہ سال ان کو تحریک لبیک کا دھرنا 24 دن بھگتنا پڑا تھا اس حکومت نے کس طرح بنا خون بہائے، بنا آٹھ جانوں کی قربانی دیئے اور بنا کسی کو زخمی کئے محض تین دن میں کیسے ختم کروا کر لیا۔ ن لیگ کی حکومت نے تو 24 دن مکھی پہ مکھی اور مچھر پہ مچھر مارے تھے جب تک کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر فوج کی مداخلت سے وہ دھرنا ختم نہیں ہوا۔وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہککڑی مافیا کو زیب نہیں دیتا کہ وزیر اعظم کی ملک دوست پالیسز اور بیرون ملک دوروں پر تنقید کرے۔ آل شریف کا یہ پرانا وطیرہ ہے۔ جب تک حکومت میں رہتے ہیں قومی خزانے کو اربوں کا ٹیکہ لگاتے ہیں مگر جب احتساب کا سامنا کرناپڑ جائے تو ساتھ ہی جمہوریت کو خطرہ ہے کا راگ الاپنا شروع کر دیتے ہیں۔ رانا مشہود کے بیان پر ردعمل میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حمزہ شہباز کے ساتھ مل کر رانا مشہود نے پولٹری انڈسٹری پر قبضہ کر رکھا ہے۔ شفاف احتساب ہوتا دیکھ کے ان کا اس طرح بد حواس ہونا سب کو سمجھ آتا ہے۔ مسلم لیگ(ن) کو شرم آنی چاہئے عوام کی حمایت کی بات کرتے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے افسروں و اہلکاران کے اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی وزیر نے سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کی موجودہ دور میں ضرورت اور اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کا ہے۔ ہمیں عوام تک درست معلومات پہنچان کے لئے سوشل میڈیا کی ہر لمحہ ضرورت ہے۔
فیاض الحسن