وفاقی کابینہ : مشکوک افراد کو تحویل میں لینے‘ برطانیہ سے قیدیوں کے تبادلے کی منظوری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی کابینہ کے ارکان کے بیرون ملک علاج پر پابندی عائد کر دی گئی۔ پابندی کا اطلاق وفاقی وزرا وزرائے مملکت، معاونین خصوصی پر ہوگا، اس بات کا فےصلہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کےا گےا جو جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امورکی جانب سے وفاقی کابینہ کو دھرنے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے 22نکاتی ایجنڈے کو پاس کرلیا۔ وزیراعظم کے کامیاب دورہ چین پر اطمینان کا اظہار کیا، اجلاس میں برطانیہ، نیدرلینڈ، سوڈان اور جکارتہ کے ساتھ معاہدوں کی توثیق کی گئی، نوجوانوں کے لیے ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ کے معاہدوں، اہم اداروں کے سربراہان کی تقرری، پاکستان سری لنکا کوسٹ گارڈ سے متعلق وزارت ساحلی امور کے معاہدے، پاک سوڈان سیاحت اور جنگلی حیات کے تحفظ کے معاہدے، چینی سیلولر کمپنی کے ساتھ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اور اس کے علاوہ پاکستان اور نائیجیریا کے درمیان سفارتی تعلقات کے فروغ کی منظوری دی گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ جلاس کے آغاز پر کابینہ نے مولانا سمیع الحق اور پاک فوج کے شہید کیپٹن ضرغام‘ سپاہی ظہیر اور 2ایف سی جوانوں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی، وزیر اعظم نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ملک میں قیام امن کے لیے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اجلاس میں وفاقی کابینہ کو وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے متعلق بریفنگ دی گئی، وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کو دورہ چین سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دورہ چین توقعات سے زیادہ کامیاب رہا، چین نے پاکستان کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی، چین پاکستان کو زرعی شعبے میں پہلی بار مکمل تعاون دے گا۔ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کے کامیاب دورہ چین پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نوجوانوں کے لیے ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ کے معاہدوں کی بھی منظوری دی گئی۔وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم اداروں کے سربراہان کی تقرری کی بھی منظوری دے دی گئی۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کے لیے ترک حکومت کا اعلی میڈل قبول کرنے اور ایئر کموڈور عامر شہزاد کے لیے عوامی جمہوریہ چین کی جانب سے میڈل کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعظم عمران کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں بیرون ملک متعدد پاکستانی شہریوں کو گرفتاری سے بچانے کے لیے اقدامات کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نئی نجی ایئرلائن کو لائسنس جاری کرنے اور نئے چیئرمین ٹی سی پی کے تقررکی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزارت خزانہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے چیف ایگزیکٹیو کے تقرر کی سمری منظور کی گئی، اسٹیٹ بینک تاجکستان مرکزی بینک کے درمیان نگرانی کی مفاہمت کی دستاویز کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں 2017 کے پارلیمنٹیرین اور ٹیکس دہندگان کی ٹیکس ڈائریکٹری جاری کرنے اور کابینہ کی وزارت صنعت کی جانب سے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظییم نوکی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کو دورہ چین پر اعتماد میں لیا۔ اجلاس کے دوران ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور شرکاءکو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں پر بھی اعتماد میں لیا گیا۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی۔ اجلاس میں مشکوک افراد کو حفاظتی تحویل میں لےنے کی منظوری بھی دی گئی۔ خیال رہے کہ وزارت داخلہ نے مشکوک افراد کو حفاظتی تحویل میں لینے کی سفارش کی تھی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں برطانیہ اور جنوبی آئرلینڈ کے ساتھ قیدیوں اور مجرموں کے تبادلے کا معاہدہ کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دورہ چین توقعات سے زیادہ کامیاب رہا اور چین نے پاکستان کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دورہ چین سے متعلق شرکاءکو آگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین، پاکستان کے ساتھ زرعی شعبے میں پہلی مرتبہ مکمل تعاون کرے گا جبکہ اس کے علاوہ چین نے دیگر شعبوں میں بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چودھری نے بتایا کہ کابینہ نے 120 فیصلے لئے جن میں سے 72 پر مکمل عملدرآمد ہوا اور صرف 4 فیصلے ایسے ہیں جن پر 72 دن گزرنے کے باوجود فیصلہ نہیں ہوا۔ کابینہ نے متعلقہ وزارتوں کو ان پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے ایس ای سی پی کا نیا بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔ جبکہ اجلاس میں برطانیہ اور پاکستان میں قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پچھلے اپوزیشن لیڈر کیلئے وفاقی حکومت کا پیکج دیکھا جائے سب کو مک مکا کی عادت ہو گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے مک مکا کرکے نہیں کھیلیں گے۔ اپوزیشن کو اسی بات کی تکلیف ہے کہ ان کے مقدمات ختم کئے جائیں۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی صدارت کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ ن لیگ کا شہباز شریف کو پی اے سی کی سربراہی دینے کا مطالبہ اتنا ہی غیر اخلاقی ہے جتنا ان کی پانچ سال کی حرکتیں ہیں۔ کس اصول پر شہباز شریف اپنے بھائی کے پروجیکٹ کا آڈٹ کریں گے۔ ہم کہہ رہے ہیں کہ اپنے آڈٹ ہمیں کر لینے دیں اور ہمارے آپ کر لیں۔ ایک سوال کے جواب میں فواد چودھری نے کہا کہ اعظم سواتی کو عہدے سے نہیں ہٹایا جا رہا۔ وزیراعظم کے دورہ چین پر بات کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا چین کے اس دورے کی مثال پاکستان کی تاریخ میں سامنے رکھیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ارکان کو حکومت کی پالیسیوں سے آگاہ کیا وزیراعظم نے ارکان کو دورہ چین اور اقتصادی صورتحال پر اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کو چلانا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔ چین اور سعودی عرب ہماری مدد کر رہے ہیں۔ دورہ چین توقعات سے زیادہ کامیاب رہا۔ دورہ چین سے پاکستان کی اقتصادی مشکلات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ چین کے تعاون سے ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوگا۔
کابینہ
اسلام آباد (جاوید صدیق) وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کابینہ کے ارکان کو بتایا کہ چین نے پاکستان کو اس کی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے پیکج دینے کا وعدہ کیا ہے۔ لیکن چینی یہ نہیں چاہتے کہ اس معاملے کو زیادہ اچھالا جائے۔ معتبر ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا کہ وزیراعظم کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بڑے مطمعن تھے کہ پاکستان کو چین نے ہر طرح کی معاشی امداد دینے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی چینی صدرسے جو ون آن ملاقات ہوئی اس میں انہیں یقین دلایا گیا ہے کہ چین پاکستان کو برآمدات بڑھانے کے لیے ایک سٹرٹیجی بنا کر دے گا۔ وزیراعظم نے کہا ہم چین کی طرف سے کی گئی پیشکش کو زیادہ پبلسٹی نہیں دے رہے کیونکہ چینی قیادت مالی اور اقتصادی پیکج کو زیادہ اچھالنے کے حق میں نہیں۔
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی کابینہ کے 11ویں اجلاس کا موضوع گفتگو وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین اور حکومت اور تحریک لبیک یارسول اﷲ کے درمیان معاہدہ پر عملدرآمد رہا۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران اپنی ٹیم کو 100روزہ پروگرام کی تکمیل کی تاکید کی اور کہا کہ 75دن گزر چکے ہیں۔ باقی 25روز میں ہم نے تمام وعدوں کی تکمیل کی بنیاد رکھ دینی ہے۔ وزیراعظم نے کابینہ کے ارکان کو بتایا کہ سعودی عرب کے بعد دورہ چین خاصا سود مند رہا ہے۔ یہ دورہ ملک کو معاشی بحران سے نکلنے میں مدد دے گا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے تحریک لبیک یارسول اﷲ سے کئے جانے والے معاہدے پر روشنی ڈالی اور امن و امان کے قیام کیلئے مذہبی جماعتوں سے کئے گئے معاہدے پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد پر زور دیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق رائے کیا گیا کہ مذہبی قوتوں سے تصادم سے گریز کیا جائے تاہم قانون کی عمل داری میں کوئی رکاوٹ برداشت نہ کی جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ وزارت داخلہ امن و امان کے معاملہ پر کوئی کمپرومائز نہیں کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین کے ساتھ ہماری اچھی انڈرسٹینڈنگ ہے۔ ان کے ساتھ جو امور طے پائے ہیں ان کی تفصیلات بتانا ضروری نہیں، یہ ہمارے مفاد میں ہے کہ ہر بات نہ بتائی جائے۔
وزیراعظم/تائید