• news

آسیہ کے بیرون ملک جانے کی خبر غیر ذمہ دارانہ‘ کارروائی کرینگے : فواد چوہدری ‘ نظرثانی اپیل کے فیصلے کا انتظار کرنا ہو گا : وزیر خارجہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آسیہ پر رپورٹنگ غیر ذمہ دارانہ صحافت کی مثال ہے، اس کا جائزہ لے رہے ہیں ، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ آسیہ بی بی کے حوالے سے نہایت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا۔ بے بنیاد خبریں گھڑی گئیں کہ غیر ملکی سفیر آسیہ کو بیرون ملک لیکر جا رہا ہے۔ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے کوئی بھی سفیر ہم سے مطالبات نہیں کرسکتا۔ غیر ذمہ دارانہ صحافت کا جائزہ لیکر کارروائی کریں گی۔ اس پر جان اور مال کا نقصان ہو سکتا تھا جس طرح غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ کے اندر ہے اور وہ ہی اس کا فیصلہ کرے گی ۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ تصدیق کے بغیر آسیہ کی ملک سے روانگی کی خبر چلانا انتہائی غیر ذمہ داری ہے‘ آسیہ کا کیس ایک حساس معاملہ ہے۔ ہیڈ لائنز بنانے کے لئے جعلی خبروں کی اشاعت وطیرہ بن چکا ہے۔ میڈیا کے ایک حصے سے کہتا ہوں کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ دوسری جانب دفتر خارجہ نے بھی آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں، وہ پاکستان میں ہی موجود ہیں۔ آسیہ پاکستان میں محفوظ جگہ پر موجود ہیں، نظرثانی کی درخواست عدالت میں ہے، وہ نظرثانی کی اپیل کے فیصلہ تک بیرون ملک جا سکتی ہیں یا نہیں اس بارے میں وزارت داخلہ ہی بتا سکتی ہے۔ آسیہ بی بی اب آزاد شہری ہیں اور عدالتی فیصلے کے بعد جہاں جانا چاہتی ہیں جا سکتی ہیں۔ آزاد نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں۔ مسیحی خاتون کی بیرون ملک روانگی کی خبروں پر ترجمان نے کہا کہ میڈیا اس طرح کی خبروں سے پہلے تصدیق کر لیا کرے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آسیہ بی بی کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ سامنے ہے عدالت میں نظرثانی اپیل دائر ہو چکی ہے اس کے فیصلے کا انتظار کرنا ہوگا میری محدود اطلاعات کے مطابق آسیہ بی بی پاکستان میں ہیں، بہتر معلومات وزارت داخلہ کے پاس ہوں گی۔
فواد چودھری

ای پیپر-دی نیشن