• news

کرپشن الزامات، حسنین کنسٹرکشن کمپنی کا مالک شیخ رمضان گرفتار

لاہور اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) نیب لاہور نے کرپشن الزامات پر حسنین کنسٹرکشن کمپنی کے مالک شیخ رمضان کو گرفتار کر لیا۔ نیب حکام کے مطابق شیخ رمضان نے پشاور سے ڈی آئی خان سڑک نقشے کے مطابق تعمیر نہیں کی، ان پر اراضی کی غیرقانونی لیزنگ کا بھی الزام ہے۔نیب لاہور نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کے الزام پر گرفتار کر لیا۔ نیب ذرائع کے مطابق تعمیراتی منصوبوں میں ناقص میٹریل استعمال کیا۔ شیخ رمضان رائل پام کے سی ای او بھی ہیں۔ اسلام آباد سے نا مہ نگار کے مطابق قومی احتساب بیورو(نیب)راولپنڈی نے ڈپلومیٹک بس سروس کیس میں سابق ڈی جی پلاننگ سی ڈی اے غلام سرور سندھو سابق ممبر پلاننگ بریگیڈیئر نصرت سمیت چار افسران کو گرفتار کرلیا ہے۔ملزمان پرمن پسندکمپنی کو ڈپلومیٹک بس سروس کو غیر قانونی طور پر ٹھیکہ دینے کا الزام ہے ،ملزمان کو آج احتساب عدالت میں پیش کر کے ان کا ریمانڈ حاصل کیا جائے۔ ملزمان پر الزام ہے کہ سی ڈی اے کی 5ایکڑ اراضی کو صرف 4200روپے سالانہ رینٹ پر من پسند کمپنی کو دیا گیا ،پہلے یہ کنٹریکٹ 2007ءسے 2012ءتک دیا گیا بعد ازاں اس میں 2017ءتک توسیع دی گئی۔یہ ٹھیکہ سی ڈی اے کے شعبہ پلاننگ کی طرف سے دیا گیا حالانکہ یہ ٹھیکہ ڈی ایم اے کو دینے کا اختیار تھا۔ اسلام آباد سے نامہ نگار کے مطابق قومی احتساب بیورو(نیب) نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس(این ٹی ایس) کیخلاف احتساب عدالت میں عبوری ریفرنس دائر کردیاہے،ریفرنس میں این ٹی ایس کے سابق سی ای او ہارون رشید سمیت 8ملزمان کو نامزدکیا گیا ہے،ملزمان پر 165ملین روپے کی خورد برد کا الزام ہے۔پیر کو نیب کی جانب سے نیشنل ٹیسٹنگ سروس(این ٹی ایس )کیخلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا گیا ۔ عبوری ریفرنس دائر کرنے پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب کے تفتیشی افسر پر برہم ہو گئے ۔جج محمد بشیر نے کہا کہ کوئی ملزمان گرفتار بھی کیے ہیں ان میں سے؟ کتنے ماہ تفتیش کی ہے اور ریفرنس میں کتنے گواہ ہیں،ایون فیلڈ ریفرنس میں بھی بعد میں ضمنی ریفرنس لایا گیا تھا،ریفرنس مکمل تو کرکے لے آئیں، جج محمد بشیرنے استغاثہ سے کہا کہ یہ ہے بھی عبوری ریفرنس، پھر ضمنی بھی لے آتے ہیں، پہلے بھی 21ملزمان کا ریفرنس لائے ،اب 8کا ایک اور لے آئے ہیںیا تو یہاں پرججز کی تعداد بڑھا دیں،پھر ریفرنس دائر کرتے رہیں،چیئرمین نیب کا استحقاق ہے،سارے ریفرنسز اسلام آباد میں لارہے ہیں، جج محمد بشیرنے کہا کہ نوازشریف کیخلاف ریفرنسزبھی راولپنڈی کی عدالت میں دائرہونے چاہیے تھے،پہلے ہی یہاں پرریفرنسز کا اتنا بوجھ ہے بتایا بھی تھا،جج محمد بشیرنے تفتیشی افسرسے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ نیا ریفرنس لے آئے ہو،کیوں لارہے ہو یہاں،ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم ہارون رشید بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں جبکہ ملزم طارق مقبول کو نیب نے گرفتار کر رکھا ہے، ملزمان پر 165ملین روپے کی خورد برد کا الزام ہے،ملزمان نے جعلی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرکے فراڈ کیا۔


لاہور (آئی این پی)نیب لاہور کے ڈائریکٹر جنرل شہزاد سلیم نے کہا ہے کہ شہباز شریف سے سوال گندم کا ہو تو جواب چنا ہوتا ہے۔ سوال کریں تو کہتے ہیں میں نے بڑی خدمت کی ہے، شہباز شریف کی مزید کیسز میں بھی گرفتاری ہوگی، آشیانہ کیس مکمل ہے نومبر کے آخر میں نیب ہیڈکوارٹرز کو بھیج دیں گے۔ فواد حسن کو شہباز شریف کے سامنے بٹھایا گیا تھا، شہباز شریف نے ان کو تسلی دی کہ تم چپ ہو جاﺅ، روﺅ مت۔ چیئرمین نیب نے خواجہ برادران کے وارنٹ گرفتاری جاری کر د یئے ہیں، 14 نومبر کو عدالت کو وارنٹ گرفتاری کا بتا دیں گے۔ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو عدالت میں ہی گرفتار کریں گے۔ نیب کے سوال کا جواب نہ ہو تو شہباز شریف چپ رہتے ہیں۔ پیراگون ہا¶سنگ سکینڈل میں جس کو بھی گواہی کے لیے بلاتے ہیں وہ غائب ہو جاتا ہے، بہانے بنانے لگ جاتا ہے۔ مونس الٰہی اور پرویزالٰہی کے خلاف بھی کیس پر تیزی سے کام جاری ہے، مسئلہ یہ ہے زیادہ تر لوگوں کی جائیدادیں ملک سے باہر ہیں۔ شہباز شریف کے فرنٹ مین وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار تھے مگر وہ غائب ہیں۔
ڈی جی نیب

ای پیپر-دی نیشن