• news

ہاکی ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلئے شوبزسٹارز بھی میدان میں آگئے

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قومی کھیل ہاکی کو مالی مسائل سے نکالنے کیلئے شوبز ستاروں نے بھی حکومت سے فنڈز جاری کرنے کی اپیل کر دی۔ لاہور میں عالمی کپ ٹورنامنٹ کی تیاری کیلئے جاری تربیتی کیمپ کے موقع پر گلوکار و اداکار علی طفر، گلو کار وارث بیگ، ملکو اور نرمل رائے نے دورہ کیا۔ ا فنکاروں نے کھلاڑیوں کیساتھ قومی کھیل پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں اپنی ہر ممکن سپورٹ کا یقین دلایا۔ فنکاروں کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے میدان میں آنا چاہیئے، حکومت کو چاہیے کہ عالمی کپ میں اچھے نتائج کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کو مطلوبہ فنڈز جاری کرئے۔ علی ظفر وارث بیگ اور ملکو کاکہنا تھا کہ قومی ہاکی ٹیم کی معاشی مشکلات کو کم کرنے کیلئے کوشش کریں گے ،نر مل رائے نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے قومی نغمہ بھی گایا ، قومی ہاکی ٹیم آٹھ برس بعد ورلڈ کپ کے لئے جا رہی ہے اور حکومت کیساتھ ساتھ سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں ۔وارث بیگ اور اور ملکو نے اعلان کیا کہ وہ ورلڈ کپ میںبھارت بھی جائیں گے، چیف کوچ توقیر ڈار کے مطابق ان کے دورے کامقصد قومی کھیل سے یکجہتی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہے۔مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے دوسرے لوگوں کو بھی دعوت دیں گے کہ وہ یہاں آئیں اور ان لڑکوں کا حوصلہ بڑھائیں، جب تک ہم انہیں یہ احساس نہیں دلائیں گے کہ پوری قوم آپ کے ساتھ ہے، اس وقت تک اس ٹیم سے اچھے نتائج لینا مشکل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن