حمزہ نے اپنے اوپر ایسے پتیاں نچھاور کرائیں جیسے کشمیر فتح کیا ہو: فیاض چوہان
لاہور (خبر نگار+ آن لائن) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے حمزہ شہباز کی نیب میں پیشی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے بے تاج بادشاہ حمزہ شہباز آج نیب میں کرپشن کی بارات لے کر پہنچے۔ اپنے کارکنوں سے اپنے اوپر کئی کلو پھولوں کی پتیاں انہوں نے ایسے نچھاور کرائیں جیسے وہ کشمیر فتح کر کے، دہلی کے لال قلعہ پر پاکستانی پرچم لہرا کر یا پھر حج کر کے آئے ہیں۔ اس طرح اپنا استقبال کرا کر انہوں نے بائیس کروڑ پاکستانیوں کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ میں حمزہ شہباز سے درخواست کروں گا کہ اپنے کارکنوں کی ایسی تربیت نہ کریں۔ ان کو اپنی کرپشن کی بارات میں باراتیوں کی طرح نہ لے کر آئیں بلکہ ان کو بتائیں کہ آپ دھرتی ماں کے خزانے کی چوری اور ڈکیتی کے جرم میں بلائے گئے تھے۔ اس لئے آج کم از کم آپ کو نیب میں سر جھکا کر عاجزی کے ساتھ آنا چاہئے تھا۔ دریں اثنا فیاض چوہان نے کہا ہے کہ گذشتہ کئی ہفتوں سے نیب کے خلاف ہرزہ سرائی کی جارہی ہے،نیب نے اپنا موقف دیا تو (ن)لیگیوں کی چیخیں ساتویں آسمان پر جا پہنچیں، شاہد خاقان عباسی نے بھی نیب پر الزامات لگا دیئے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ن لیگی ارکان کے رویے پر تنقید کی اور کہا کہ ن لیگ والے چاہتے ہیں کہ ان کی کرپشن پر کارروائی نہ کی جائے۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز الحمرا میں یوم اقبال کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد حضرت علامہ اقبال کی عظیم شخصیت کوخراج تحسین پیش کرنا ہے۔ یہ دن آج ہم اس جذبے اور جوش سے اس لئے منا رہے ہیں کیونکہ آج حقیقی معنی میں پاکستان کی باگ دوڑ اس شخص کے ہاتھوں میں آئی ہے جو اقبال کے شاہین کی حقیقی مثال ہے۔ ہم نے عالمی برادری کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم بحیثیت پاکستانی قوم اقبال کے شاہین عمران خان کی قیادت میں ملک دشمن طاقتوں کو شکست دیں گے۔
فیاض چوہان