• news

علامہ اقبال کا 141واں یوم پیدائش جوش و جذبے سے منایا گیا

لاہور (خبرنگار) ملک بھر میں مفکر پاکستان ، شاعر مشرق ڈاکٹر محمد علامہ اقبال کا 141واں یوم پیدائش ملی جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں مزار اقبال پر اعزازی گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ سفید وردی میں ملبوس پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے روایتی جوش وخروش اور جذبے کے ساتھ مزار اقبال کے اعزازی گارڈ کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ پاک بحریہ اور پاکستان رینجرز کے دستوں نے مزار اقبال کے باہر اپنی اپنی پوزیشنز سنبھالیں۔ سٹیشن کمانڈر (نیوی)لاہور، کموڈور نعمت اللہ نے پاکستان نیوی کے دستے اور اعزازی گارڈ کے فرائض سر انجام دینے والے پاک رینجرز کے دستوں کا معائنہ کیا۔ بینڈ کی دھن پر مخصوص انداز سے چلتے ہوئے پاکستان نیوی کے دستے نے مزار اقبال کے چاروں کونوں میں اپنی پوزیشنز سنبھالیں جبکہ پاک رینجرز کا دستہ روایتی انداز میں مزار سے رخصت ہوا۔ اعزازی گارڈ کی تبدیلی کے بعد سٹیشن کمانڈر (نیوی) لاہور نے چیف آف دی نیول سٹاف، پاکستان نیوی کے آفیسرز اور سی پی اوز/ سیلرز اور سویلینز کی جانب سے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعدازاں سٹیشن کمانڈر (نیوی) لاہور نے مزار اقبال پر فاتحہ پڑھی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ مزار اقبال پر منعقدہ تقریب میں اعلیٰ عسکری و سول عہدیداران، سکول کے بچوں اور شہریوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔دریں اثناءگورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ شاعر مشرق کا پیغام پاکستانی قوم سمیت پوری امت کیلئے مشعل راہ ہے۔

یوم اقبال

ای پیپر-دی نیشن