کٹھن حالات میں حکومت سنبھالی معیشت کو درست کرنے کیلئے مشکل فیصلے کئے : عثمان بزدار
لاہور (خبرنگار) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے تحریک انصاف نے مشکل حالات میں حکومت سنبھالی اوراللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور شبانہ روز محنت کے باعث ملک کو درست سمت کی جانب گامزن کر دیا گیا ہے اور قومی مفاد میں کئے گئے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا معیشت کو درست کرنے کیلئے مشکل فیصلے کئے اور انشاءاللہ ان فیصلوں سے معیشت بحال ہوگی اور ترقی و خوشحالی کے ثمرات سے پاکستان کے 22 کروڑ عوام مستفید ہوں گے کیونکہ معیشت بہتر ہو گی تو ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا عوام کو وزیر اعظم عمران خان کی قیادت اور تحریک انصاف کی پالیسیوں پر اعتماد ہے اور عمران خان ہی واحد لیڈر ہیں جو ملک کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا نئے پاکستان میں حکومت نے عوام کو اپنے حقوق کا شعور دیا ہے اور ہم عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانا چاہتے ہیں۔ نئے پاکستان میں سب کچھ عوام کی امنگوں اور توقعات کے مطابق ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہقانون کی بالادستی، میرٹ، شفافیت کا فروغ اورعام آدمی کو انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔عوام کے مسائل کے حل کی جانب توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت صوبے میں حقیقی تبدیلی کیلئے موثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور تبدیلی کے ثمرات سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ حقیقی معنو ںمیں عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کا عزم کر رکھا ہے۔ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔پولیس کو عوام کا حقیقی محافظ بنائیں گے۔جب ادارے مضبوط ہوںگے تو لوگوں کو انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا ہم سب نے مل کر چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے اور قوم کی حمایت سے عارضی مشکلات پر قابو پائیں گے۔مزید براں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ون ڈے میچ جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کر کے کیویز کو شکست دی اور یہ شاندار فتح کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ امید ہے قومی ٹیم تیسرے ون ڈے میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز جیتے گی۔
عثمان بزدار