• news

ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے پاکستان کو 52 رنز سے ہرادیا

لاہور (نمائندہ سپورٹس) ویمن ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف اپنا پہلا میچ ہار گئی۔ویسٹ انڈیز میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ویمن ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستانی ٹیم کے سفر کا آغاز اچھا نہ رہا۔ پروویڈنس میں کھیلے گئے میچ کا ٹاس آسٹریلیا نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان علیسا ہیلی اور بیتھ مونی نے پہلی وکٹ پر 72 رنز کی شراکت قائم کی، ہیلی نے 28 گیندوں 48 رنز بنائے، بیتھ مونی آؤٹ ہونے والی دوسری کھلاڑی تھی جنہوں نے 39 گیندوں پر 48 رنز اسکور کیے۔ میگ لیننگ نے بھی رنز کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے اور 34 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی۔مقررہ بیس اوورز میں آسٹریلین ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بناڈالے۔ پاکستان کی جانب سے عالیہ ریاض اور نشرح سندھو نے 2،2 وکٹیں لیں۔166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 113 رنز تک ہی پہنچ پائی، بسمہ محروف 26، ثنا میر اور عمیمہ سہیل نے 20 ، 20 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے میگن شٹ اور جارجیا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ علیسا ہیلی کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا ۔ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو 60رنز سے ہرا دیا ۔ ویسٹ انڈیز نے 8وکٹوں پر 106رنز بنائے۔کیسیا نائٹ نے بتیس اور کپتان سارہ ٹیلر نے 29رنز بنائے۔جہاں آرا ء عالم نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔بنگلہ دیشی ویمنز ٹیم صرف 46رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکی ۔ فرغانہ حق نے سب سے زیادہ 8رنز بنائے۔ڈوتن نے پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا انہیں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

ای پیپر-دی نیشن