فلسطینی مہاجرین کی امداد میں اضافہ، ہمیشہ فلسطینیوں کیساتھ کھڑے رہیں گے : پاکستان
اسلام آباد (آن لائن )اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان نے فلسطینی مہاجرین کودی جانی والی امدادمیں اضافہ کردیا، پاکستان ہمیشہ فلسطینیوں کیساتھ کھڑارہے گا۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ اضافی امدادحکومتی احکامات،عوامی امنگوں کے پیش نظربڑھائی گئی،اضافی امدادسے فلسطینی بچوں کے سکول کھلے رہیں گے۔ کلینک بند نہیں ہوں گے۔ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔فلسطینی مہاجرین کی امداد کرنے والی ایجنسی نے پاکستانی فراخ دلی کوسراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اورہرفورم پرفلسطینیوں کی حمایت کی۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 20 اکتوبر کو اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی انسانی بنیادوں پرامداد کوسیاسی مفادات کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ غزہ میں پرامن فلسطینی مظاہرین کا خون بہایا جا رہا ہے، اسرائیلی بستیوں کی غیرقانونی توسیع بلاروک ٹوک جاری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق قراردادوں سے انحراف کیا گیا۔