• news

پاکستان سپر ہاکی لیگ آئندہ برس کرانے کا فیصلہ

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پا کستان ہاکی لیگ آئندہ برس کے آغاز میں کروانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پی ایس ایل کی فرنچائز سے 3 سالہ معاہدہ طے پا جانے کے بعد پی ایچ ایف کے حوصلے خاصے بلند ہو گئے ہیں اور حکام نے آئندہ برس کے آغاز میں ہی پاکستان کی پہلی ہاکی لیگ کروانے کا منصوبہ بنایا ہے، پی ایچ ایف ذرائع کے مطابق جنوری میں شیڈول پہلے ایڈیشن کے مقابلے لاہور، فیصل آباد اور گوجرہ میں کروائے جانے کا امکان ہے، لیگ کا دورانیہ 3 ہفتے تک رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔لیگ میں آسٹریلیا، جرمنی اور ارجنٹائن سمیت دنیا کے متعدد ممالک کو مدعو کیا جائے گا، مجموعی طور پر 5، یا 6 ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جس میں 4،4 غیر ملکی کھلاڑیوں کو لیگ کا حصہ بنانا ضروری ہوگا۔ پی ایچ ایف کے ایک اعلی عہدیدار کے مطابق پاکستان کی پہلی ہاکی لیگ کے کامیاب انعقاد کے لیے پر عزم ہیں، لیگ ہر حال میں پاکستان میں ہی ہوگی۔فیڈریشن عہدیدار کا کہنا تھا کہ جس طرح یورپ میں فٹبال خاصا مقبول ہے ، اسی طرح پاکستان میں کرکٹ کھیلنے والوں کی کمی نہیں، ہاکی نے پاکستان کو اولمپکس، ورلڈ کپ، چیمپئنز ٹرافی سمیت دنیا بھر کے ٹائٹلز جتوائے لیکن بدقسمتی سے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے قومی کھیل زوال کا شکار ہے اور اب اس کھیل سے وابستہ پلیئرز کے پاس اچھی ملازمتیں ہیں اور نہ ہی دوسری سہولیات ہیں۔فیڈریشن عہدیدار نے کہا کہ پاکستان ہاکی لیگ کروانے کا مقصد ہی یہی ہے کہ اس کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں کو ان کا جائز حق دلایا جائے، لیگ کی وجہ سے پلیئرز کے معاشی حالات میں بہتری آئے گی، 1994 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان نے کہا کہ جب ہاکی کے کھیل میں خوشحالی آئے گی تو نوجوان کھلاڑیوں کا پول بھی بڑھے گا اور قومی ٹیمیں تشکیل دینے میں بھی مدد ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن