• news

بغاوت کی کارروائی کیلئے درخواست آئندہ سماعت پر سابق وزیر اعظم کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنائیں وکیل کو ہدایت

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ہائیکورٹ نے سابق وزرائے اعظم کے خلاف حلف کی پاسداری نہ کرنے کے معاملے پر نواز شریف کے وکیل پر واضح کیا ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر سابق وزیر اعظم کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنائیں تاکہ درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بحث ہوسکے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کیخلاف حلف کی پاسداری نہ کرنے پر بغاوت کی کارروائی کے لیے درخواست پر سماعت کی ،درخواست گزار کے مطابق نواز شریف نے غیر ذمہ دارانہ بیان دیا اور شاہد خاقان عباسی نے نیشنل سکیورٹی کونسل کے اجلاس کی کارروائی کے بارے میں نواز شریف کو بتایا۔ فل بنچ کے روبرو شاہد خاقان عباسی اور پرل المیڈا پیش ہوئے اور نواز شریف کی استثنیٰ کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔ جس پر بنچ کے سربراہ نے باور کرایا کہ درخواست کے ساتھ بیان حلفی نہیں دیا گیا۔ نواز شریف کے وکیل نے بیان حلفی دینے کی یقین دہانی کرائی۔ فل بنچ نے سابق وزرائے اعظم کیخلاف درخواست پر کارروائی 19 نومبر تک ملتوی کر دی۔ میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب ایک کالا قانون ہے۔ شہباز شریف کو ایک کیس میں بلا کر دوسرے میں گرفتار کیا گیا۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے زور دیا کہ عمران خان اپنے دائیں بائیں کرپشن ختم کریں۔ ڈی جی نیب کا دعویٰ ہے کہ وہ مرد مومن ہیں۔
ہائیکورٹ/ نواز، خاقان سماعت

ای پیپر-دی نیشن