لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ، ہائیکورٹ کا تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے پر اظہار برہمی، استور، کالام برف باری، بارش
اسلام آباد/لاہور (صباح نیوز+ اپنے نامہ نگار سے) لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ کا راج برقرار ہے جس کے باعث فضا گرد آلود ہے اور شہریوں کی آنکھوں اور گلے میں جلن محسوس ہورہی ہے۔ شہر کے چند علاقوں میں ہلکی ہلکی بوندا باندی بھی ہوئی ہے۔جس کے باعث شہروں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔ بعض شہروں میں حد نگاہ تین سو سے پانچ سو میٹر تک رہ گئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے لاہور اور گوجرانوالہ میں سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت کی جانب سے جواب داخل نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا اور باور کرایا کہ لاہور شہر میں سموگ شدت اختیار کر چکی ہے لیکن حکومت جواب داخل کرانے سے بھی قاصر ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے مقامی وکیل شیراز ذکا کی درخواست پر سماعت کی۔دوسری طرف استور اور کالام سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری سے موسم سرد ہوگیا۔وادی کاغان کے بالائی علاقوں ناران، جھیل سیف الملوک اور بابو سرٹاپ پر وقفہ وقفہ سے برفباری ہوئی۔ استور کے پہاڑوں پر رات گئے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
برف باری