• news

شاہ محمود قریشی کو کینیڈین وزیر خارجہ کا فون‘ آسیہ کے معاملہ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) کینیڈا کی وزیر خارجہ کرسٹینا فری مین نے آسیہ بی بی کے معاملہ پر پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دیگر متعدد اہم امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کینیڈا کے وزیر خارجہ نے سپریم کورٹ کے جرات مندانہ فیصلے اور اس حوالے سے وزیراعظم کی مثبت تقریر کو بھی سراہا۔ کینیڈین ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آسیہ بی بی پاکستانی شہری ہے اور پاکستان ان کے قانونی حقوق کا مکمل احترام کرتا ہے۔ دریں اثناء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی گزشتہ روز ڈاکٹر عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی پاکستان منتقلی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرخارجہ نے فوزیہ صدیقی کو عافیہ صدیقی کیس میں حکومت کی کاوشوں سے آگاہ کیا اور اس دوران ان کی پاکستان منتقلی کے آپشن پر بات چیت ہوئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ عافیہ صدیقی کی صحت کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے قونصلر وزٹس کی ہدایت کی ہے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کے انسانی وقانونی حقوق کے تحفظ کیلئے بھی پاکستانی قونصلیٹ کو ہدایت کردی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین نے بھی فوزیہ صدیقی سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک قید ہر پاکستانی کی انصاف تک رسائی اور فراہمی ہمارے لئے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کے حقوق کا تحفظ حکومت اپنی آئینی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت کا عافیہ صدیقی کے معاملے کو اجاگر اور حل کرنے کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن