منی لانڈرنگ کیس : فروغ نسیم، خالد مقبول کی ایف آئی اے میں پیشی
اسلام آباد(صباح نیوز)متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں نامزد وفاقی وزرا فروغ نسیم اور خالد مقبول صدیقی ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم اور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی تقریبا ایک گھنٹہ تک ایف آئی اے اسلام آباد کے دفتر میں رہے جہاں ان سے منی لانڈرنگ کیس سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی۔ فروغ نسیم پر 2013 سے 2015 کے درمیان ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاونڈیشن کے فنڈ میں 2 لاکھ 68 ہزار روپے جمع کرانے کا الزام ہے۔ خدمت خلق فاؤنڈیشن میں ایک ارب روپے سے زائد رقم جمع کرائی گئی تھی اور جن افراد کو منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں نوٹسز جاری کیے گئے ان پر خدمت خلق فاونڈیشن کے فنڈ میں خطیر رقوم جمع کرانے کا الزام ہے۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے11 نومبر کو ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں 726 افراد کو نوٹسز جاری کیے تھے جو مختلف تنظیمی عہدوں پر کام کرتے رہے ہیں۔