شاہ محمود، فواد چودھری سے فوزیہ صدیقی کی ملاقاتیں، عافیہ کی منتقلی پر بات چیت
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے گزشتہ روز ڈاکٹر عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی پاکستان منتقلی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخارجہ نے عافیہ صدیقی کیس میں حکومت کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ عافیہ صدیقی کی صحت کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے قونصلر وزٹس کی ہدایت کی ہے۔ عافیہ صدیقی کے انسانی وقانونی حقوق کے تحفظ کیلئے بھی پاکستانی قونصلیٹ کو ہدایت کردی ہے۔ اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے وزیراعظم عمران خان واحد رہنما ہیں جنہوں نے عافیہ صدیقی کے حق میں مسلسل آواز بلند کی، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو انصاف دلانا ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔ وہ عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا بیرون ملک قید ہر پاکستانی کی انصاف تک رسائی اور فراہمی ہمارے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا ہر شہری کے حقوق کا تحفظ حکومت اپنی آئینی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت کا عافیہ صدیقی کے معاملے کو اجاگر اور حل کرنے کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔