منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں 10 دسمبر تک توسیع
کراچی(آئی این پی ) بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت میں 10 دسمبر تک توسیع کر دی، ایف آئی اے کے افسر نے عدالت کو تفتیش میں پیش رفت سے آگاہ کیا، تفتیشی افسر نے کہا کہ مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں، ان کے گھروں پر اشتہارات چسپاں کر دیے ہیں، ملزمان کی جائیداد کی معلومات کے لیے متعلقہ کمشنر کو خطوط لکھ دیے گئے ہیں، عدالت نے تفتیشی افسر کو ضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔ منگل کو منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہا پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور، حسین لوائی، انور مجید، نمر مجید، شہزاد جتوئی اور دیگر ملزمان کراچی کی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔فاضل جج نے کیس کی مختصر سماعت کی تو فریال تالپور حاضری لگا کر روانہ ہوئیں جب کہ آصف علی زرداری تاخیر سے عدالت پہنچے اور حاضری لگائے بغیر روانہ ہوئے جس پر فاضل جج نے کہا آصف علی زرداری کی حاضری نہیں لگی وہ ایسے ہی چلے گئے۔ عدالت نے کہا کہ آصف زرداری کو دوبارہ بلائیں تب حاضری لگے گی جس کے بعد سابق صدر دوبارہ بینکنگ کورٹ پہنچے اور اپنی حاضری لگائی۔ عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 10 دسمبر تک کے لیے ملتوی کردی ۔ ادھر ایف آئی اے افسر نے میگا منی لانڈرنگ میں مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کے کیس میں پیش رفت رپورٹ عدالت میں پیش کر دی، ایف آئی اے نے عدالت کو تفتیش میں پیش رفت سے آگاہ کیا، تفتیشی افسر نے کہا کہ مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں جن کے گھروں پر اشتہارات چسپاں کر دیے ہیں۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کی جائیداد کی معلومات کے لیے متعلقہ کمشنر کو خطوط لکھ دیے گئے ہیں جس کے بعد عدالت نے تفتیشی افسر کو ضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔مفرور ملزمان میں نصیر عبداللہ، حسین لوتھا، عدنان جاوید، محمد عمیر سمیت 5 ملزمان شامل ہیں جب کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور ضمانت پر رہا ہیں۔