عمران خان کی قیادت میں ملک فلاحی ریاست بنے گا : ملک اقبال
فیروزوالہ (نامہ نگار)این اے 119 کے کوآرڈینیٹر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک محمد اقبال نے کہا ہے کہ سازشی ٹولے جو مرضی کرلیں عمران خان کی قیادت میں پاکستان حقیقی معنوں میں ایک خودمختار اور فلاحی ریاست بنے گا۔ قائداعظم محمدعلی جناح کی خوابوں کی تعبیر کا وقت آگیا ہے مشکل ایام ختم ہونے کو ہیں۔ تحریک انصاف نے اقتدار سنبھالاتو ملکی خزانہ خالی ،مسائل اور بحرانوں نے پاکستان کو جکڑا ہوا تھا۔ ماضی کی حکومت نے مشکل ترین شرائط پر قرضے حاصل کرکے قوم کی آنکھوں میں دھول جھونک رکھی تھی کیونکہ انہیں معلوم تھا کہ ان قرضوں کی ادائیگی لینے والوں نے تھوڑی کرنی ہے۔ یہ بوجھ قوم پر پڑنا ہے مگر عمران خان نے حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی مشکل شرائط کی بجائے دوست ممالک سے قرضے کو اولیت دی تاکہ سود سے بچا جا سکے۔