سپورٹس گراونڈز یا کمپلیکس میں شادی بیاہ سمیت دیگر تقریبات پر مکمل پابندی عائد
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس گراونڈز یا کمپلیکس میں شادی بیاہ سمیت دیگر تقریبات پر مکمل پابندی عائد ہے، یہ مقامات صرف اور صرف سپورٹس کے لئے ہی استعمال ہوں گے، ان مقامات کو کسی اور سرگرمی کے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، سپورٹس فنڈز صرف سپورٹس کی سرگرمیوں پر ہی خرچ ہوں گے، تمام افسران سپورٹس منصوبوں کے حوالے سے پندرہ روز میں رپورٹ ہیڈ آفس ارسال کریں، یہ احکامات ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے بدھ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں راولپنڈی ڈویڑن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیئے، اجلاس میں سپورٹس کے ترقیاتی منصوبوں، سپورٹس کی سہولتوں اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا، متعلقہ افسران نے ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کو تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹرز طارق وٹو، روف باجوہ، شاہد نظامی، ڈویڑنل سپورٹس آفیسر راولپنڈی ملک وقار، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر وحید بابر و دیگر افسران نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ راولپنڈی ڈویڑن میں زیرتعمیر سپورٹس منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کے لئے اقدامات کئے جائیں۔