• news

لاہور:مال روڈ پر ملین مارچ،حکمرانوں کو خصوصی ایجنڈا کی تکمیل کیلئے مسلط کیا گیا، فضل الرحمن

لاہور (خصوصی نامہ نگار)متحدہ مجلس عمل کے صدر جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے عمران خان کو خصوصی ایجنڈے کی تکمیل کےلئے پاکستان پر مسلط کیا گیا ہے ، پاکستان کو امریکہ یا اسرائیل کی گود میں نہیں ڈالنے دیں گے، پاکستان ایک آزاد اور خود مختار اسلامی ریاست کی حیثیت سے قائم رہے گا ، عالمی استعمار اور حکمران مسلمانوں کے دل سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت و عقیدت نکال نہیں سکتے ۔ سپریم کورٹ نے آسیہ مسیح کی رہائی کےلئے ٹیکنیکل بنیادوں پر فیصلہ دیاتاکہ مغرب اور یورپ کو خوش کر سکیں یہی وجہ ہے یورپی یونین ، برطانوی پارلیمنٹ ہمارے چیف جسٹس کو خراج تحسین پیش کر رہی ہیں۔ کیا نوجوان لڑکے لڑکیوں کے مخلوط رقص و سرود سے ریاست مدینہ بنائی جاسکتی ہے ؟ وہ گزشتہ روز مال روڈ پر ملین مارچ کے شرکاءسے خطاب کر رہے تھے۔ مارچ سے متحدہ مجلس عمل ، ملی یکجہتی کونسل، تحریک حرمت رسول، تحفظ ختم نبوت ، جماعت اسلامی ، مجلس احرار اسلام کے مرکزی و صوبائی رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا جبکہ مولانا محمد امجد خان اور قیصر شریف نے سٹیج پر فرائض سرانجام دئیے۔مولانا فضل الرحمن نے کہاتحریک انصاف کے ارکان اسمبلی ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں ۔ پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرتاہے تو اسے کشمیر کی آزادی کے موقف سے بھی پیچھے ہٹنا پڑے گا۔ مدارس پر دباﺅ ڈالا جارہاہے ہم ان کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے کہاجنوری میں یورپی یونین کا وفد پاکستان آیا اور اس نے تعاون کیلئے شرائط آسیہ مسیح کی رہائی کے ساتھ مشروط کیں، ان کی بات کسی نے نہیں مانی لیکن جنہوںنے مان لی انہیں اقتدار مل گیا۔ قائم مقام امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہاحکمران اور عدلیہ سن لے قیامت کے دن حضور کی شفاعت سے تمہیں نجات مل سکتی ہے اگر آج حضور کی اہانت کو برداشت کرتے رہے تو کل تمہاری نجات کیسے ہوگی؟ پاکستان کی شناخت لاالہ الااللہ سے ہے ۔قوم بیرونی ایجنڈے پر چلنے والوں کو برداشت نہیں کرےگی۔ امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث حافظ ساجد میر نے کہا حکمران اسلام پسندوں سے لڑائی مول نہ لیں پاکستان کے اسلامی تشخص کی حفاظت کےلئے ہم بڑی سے بڑی قربانی دے سکتے ہیں ۔نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاپاکستان کو سیکولر اور لبرل ملک بنانے کے خواب دیکھنے والوں کے عزائم خاک میں جائیں گے ۔ ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کی تحریک قیام پاکستان کی تحریک کا تسلسل ہے جب تک پاکستان میں شریعت کا نظام نافذ نہیں ہوتا ، پاکستان کے عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری اطلاعات شاہ اویس نورانی نے کہاوزیراعظم دھمکیاں دےکر ہمیں ڈرانا چاہتے ہیں ۔ ہم حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہیں ہماری مسجدوں ، منبرو محراب اور خانقاہوں کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی جائے گی ۔شیخ القرآن والحدیث مولانا عبدالمالک نے کہاخاتم الانبیا،حضرت محمد کی ناموس کی حفاظت مسلمانوں پر فرض ہے۔علامہ ابتسام الٰہی ظہیر نے کہاآسیہ کو ملک سے بھگانے والوں کو محمد عربی کے غلا م ملک سے بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے ۔متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر میاں مقصود احمد نے کہاکہ چیف جسٹس اور وزیراعظم کا امتحان ہے کہ وہ ناموس رسالت کے تحفظ کےلئے کیا اقدامات کرتے ہیں ۔ تحریک حرمت رسول کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ نے کہانبی کریم پر ہماری جان اور ہمارے خاندان قربان، ختم نبوت قانون سے دو نمبری کرنیوالوں کے ہاتھ توڑ کر انہیں دو نمبر کردیں گے۔علامہ محمد رمضان توقیر نے کہاکہ آئین پاکستان کا تقاضا ہے کہ حرمت رسو ل کی حفاظت کی جائے۔ آن لائن کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے 25نومبر کو ملین مارچ کا اگلا پڑاﺅ سکھر میں منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت ایک تحریک ہے جو جاری رہے گی۔
فضل الرحمن

ای پیپر-دی نیشن