• news

وزیراعلی نے پنجاب میں اسسٹنٹ کمشنرز کے تقرر و تبادلوں پر پابندی لگا دی

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے صوبہ بھر میں اسسٹنٹ کمشنر ز کے تقرر و تبادلوں پر فوری طو رپر پابندی عائد کر دی ہے۔اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاہے تاہم ہارڈ شپ یا ضروری انتظامی بنیاد پر اسسٹنٹ کمشنرز کے تبادلے کے لئے وزیراعلیٰ سے پیشگی منظوری لینا ضروری ہوگا ۔ سردار عثمان بزدار نے ولید اقبال اور سیمی ایزدی کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا ہے کہ ولید اقبال اور سیمی ایزدی کی جیت سے ثابت ہوا پنجاب پی ٹی آئی کا گڑھ بن چکا ہے پی ٹی آئی کے سینیٹرز کام انتخاب وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت ہے۔ برداشت اور رواداری کے عالمی دن پر پیغام میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ رواداری اور برداشت کے جذبات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے کیونکہ معاشرے میں عدم برداشت کے رویوں کے باعث بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔ رواداری اور تحمل و برداشت کے جذبات کو فروغ دے کر پرامن معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے۔ سردار عثمان بزدار نے ایس پی طاہر خان داوڑ کے قتل پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی میں سینٹ کی نشست پر الیکشن کیلئے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ وزیراعلیٰ سے ان کے چیمبر میں تحریک انصاف کے ارکان صوبائی اسمبلی اور خواتین اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کی۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کیلئے احکامات جاری کیے۔ وزیراعلیٰ نے اسمبلی میں مختلف وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ تقریباً چار گھنٹے تک اسمبلی میں موجود رہے۔

پابندی

ای پیپر-دی نیشن