امید ہے اخبارات کے واجبات جلد ادا کر دیئے جائیں گے: اے پی این ایس
کراچی (سٹاف رپورٹر)آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے اے پی این ایس کی درخواست پر متعلقہ وزارتوں کو اخباری صنعت کے واجبات جلد از جلد ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اے پی این ایس کو امید ہے کہ اس احسن اقدام سے اخباری اداروںکو درپیش شدید مالی بحران سے نبرد آزما ہونے میں مدد ملے گی۔ حمید ہارون صدر اے پی این ایس اور سرمد علی سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں منعقدہ اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی سے ملاقات کے دوران وزیراعظم کو اخباری صنعت کو درپیش مالی بحران سے آگاہ کیا گیا جو سابقہ حکومتوں کے دور میں وفاقی حکومت کے جاری کردہ اشتہارات کے واجبات کی عدم ادائیگی سے پیدا ہوا۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ )ن( کی حکومتوں نے مختلف حیلوںبہانوں سے اخبارات کے واجبات ادا نہیں کئے جس کے باعث اخباری صنعت شدید مالی مشکلات سے دوچار ہے۔ وزیراعظم نے اس امر کی یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام واجبات جلد ادا کر دیئے جائیں گے جس کیلئے انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔ اے پی این ایس کے عہدہ داروں نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم کی یقین دہانی اور ہدایات پر ترجیحی بنیادوں پر عمل کیا جائے گا اور وفاقی حکومت کے ذمہ 2008-13ءاور 2013-18ءکے واجبات جلد ادا کر دیئے جائیں گے۔
اے پی این ایس