• news

سینٹ نے الیکشن( ترمیمی)بل 2018متفقہ طور پر منظور کر لیا

اسلام آباد (نامہ نگار) سینٹ نے الیکشن( ترمیمی)بل 2018متفقہ طور پر منظور کر لیاہے، بل کے تحت الیکشن کمشن دو رکنی بینچ تشکیل دے سکتا ہے۔وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی اعظم خان سواتی نے بل پیش کیا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ وفاقی حکومت کے زیر انتظام تعلیمی اداروں میں اس وقت 385آسامیاں اساتذہ کی خالی ہیں۔ اسلام آباد میں 28سے 30ہزار بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ 570 لگژری اشیاءپر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھا دی گئی ہے۔ خام مال پر ڈیوٹیاں کم کی جائیں گی۔ وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا کہ پاکستان میں جنگلات لگانے کی شرح کاٹنے کی شرح سے بہت زیادہ ہے۔ٹمبر مافیا نے بے دریغ جنگلات کاٹے، مارگلہ ہلز پر جنگلات لگائے جاتے ہیں یا لگتے ہیں اس کو دیکھنا ہو گا، ہم تو آگ بجھانے والوں میں سے ہیں۔ کراچی اور فیصل آباد بہت زیادہ آلودگی والے شہر ہیں۔ سینیٹر شیری رحمن کے توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کا شکار ملک ہے، سینیٹر شیری رحمن کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ سموگ کا مسئلہ اٹھایا، ہم بھارت سمیت اپنے ہمسایوں سے بہت سے مسائل پر بات کرتے ہیں، سموگ بھی ان میں سے ایک مسئلہ ہے، سموگ کے پیدا ہونے کی کچھ وجہ بھارت بھی ہے۔ اسلام آباد کے دارارقم سکول کے 35 طلباءو فیکلٹی ممبران نے سینٹ کے اجلاس کی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بارے میں پارلیمان کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران سینیٹر شیری رحمن کی طرف سے اس معاملے پر رپورٹ پیش کرنے کے مطالبہ پر جواب دیتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ ایس پی داوڑ پاکستان کے سپاہی تھے، اس واقعہ پر سب کو افسوس ہے، اس پر سیاست نہ کی جائے۔ ستارہ ایاز نے کہا کہ ایس پی داوڑ کیسے افغانستان پہنچے، اس پر رپورٹ دی جائے۔
الیکشن بل

ای پیپر-دی نیشن