ہفتہ ربیع الاول کی سرکاری تقریبات آج شروع، منگل، بدھ کو رحمة للعالمین کانفرنس ہوگی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + صباح نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ دھرنا قائدین نے متنازعہ تقاریر کے حوالے سے معافی مانگ لی ہے اب یہ سپریم کورٹ اور پاک فوج پر منحصر ہے اسے قبول کرتے ہیں کہ نہیں۔ وزیر مذہبی امور نے ہفتہ ربیع الاول کی تقریبات کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے جس کا آغاز آج سے ہو جائے گا۔ 20-21نومبر کو جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں بین الاقوامی رحمة للعالمین کانفرنس ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ 17نومبر (آج شام) نیو میمن مسجد کراچی میں عالمی حُسن قرآت کی محفل ہو گی 18نومبر کو گورنر ہاﺅس میں محفل سماع ہو گی جس میں صوفی کلام پڑھا جائے گا 19نومبر کو پی ٹی وی کے تحت محفل نعت خوانی ہو گی۔ پیر نور الحق قادری نے کہا کہ ریاست مدینہ کی طرز کے پاکستان میں ضرور مذہبی سفارتکاری کا سہارا لیا جائے گا کیونکہ میثاق مدینہ رواداری پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت پر کوئی مسلمان جان بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کرتا۔ یورپ اور مغرب کو کہنا چاہتے ہیں کہ جذبات کو مجروح کرنے سے تصادم کی فضا پیدا ہوتی ہے تصادم سے بچنے کے لیے تمام انبیاءکرامؑؑ ، آسمانی کتب، مذہبی شخصیات کا احترام کرنا ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سمیت مذہبی جماعتوں کے دیگر قائدین کو کانفرنس میں مدعو کیا گیا ہے، انہوں نے انکار بھی نہیں کیا مگر جہاں عمران خان کا نام آجائے اقرار بھی نہیں کرتے۔
ہفتہ ربیع الاول