• news

ڈیرہ غازی خان کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان محرومیاں ختم ہونیوالی ہیں : عثمان بزدار

لاہور(نیوز رپورٹر) ڈیرہ غازی خان کے لئے ٹیکنیکل یونیورسٹی ،کالج ،سکول سمیت اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کردیا گیا۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ، واسا، سمال ڈیم ،سپر ، ماڈل کیٹل منڈی بھی بنائی جائے گی۔ وزرات اعلیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد پہلی مرتبہ ڈیرہ غازی خان کے دورے پر پہنچ گئے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں دو موبائل ہیلتھ یونٹس اورتین ایمبولینسز کا افتتاح کیا اور نئے بلاک کا دورہ بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور،ملتان،راولپنڈی اوروزیرآباد کی طرز پر ڈیرہ غازی خان میں بھی کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ قائم کریںگے۔خواتین کیلئے خصوصی میٹرنٹی ایمبولینس سروس کا آغاز کیا جا رہاہے۔ غازی میڈیکل کالج میں قبائلی علاقوں کے طلبہ کا کوٹہ بڑھایا جارہاہے۔بعدازاں عثمان بزدار نے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی ، بار ایسوسی ایشن، تحریک ا نصاف، چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں ، بلدیاتی نمائندوں ، تاجر برادری ،مقامی معززین اور عمائدین کے اجتماع سے خطاب میں کہاکہ پنجاب میں3سٹیٹ آف دی آرٹ یونیورسٹیاں قائم کریں گے جن میں سے ایک یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں قائم ہوگی۔ انہوں نے ڈیرہ غازی خان کے ٹیکنیکل کالج کو ٹیکینکل یونیورسٹی بنانے، پوسٹ گریجوایٹ کالج کی بحالی کا اعلان کیا۔ علاقے کے 12کالجز کو طلبہ کی آمدورفت کے لئے بسیں دی جائیں گی -بچیوں کے لئے مختلف علاقوں میں پرائمری سکول بنائے جائیں گے۔10سکولو ںمیں پلے گرا?نڈ اور دیگر ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ حکومت پنجاب نے کوہ سلمان کو سیاحتی پروگرام میں شامل کر لیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہاکہ لاہو رکی طرح صفائی کے لئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی او رواسا کا ادارہ بھی قائم کیاجائے گا۔ سالڈ ویسٹ کمپنی کے لئے 26کروڑ روپے فراہم کئے جا رہے ہیںاورعوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ڈیرہ غازی خان میونسپل کارپوریشن کو بیل آ?ٹ پیکیج دیا جائے گا۔ رودکوہی اور بارشی پانی محفوظ کرنے کے لئے 13مقامات پر آبی ذخائر /سمال ڈیم بنائے جائیں گے۔ املاک کو سیلاب کی تباہ کاریوں کوبچانے کے لئے 5چھوٹے بند/سپر بھی بنائے جا رہے ہیں۔ بلوچستان کے ساتھ مواصلاتی رابطے بہتر بنانے کے لئے سٹیل برج کا منصوبہ اسی سال مکمل کیاجائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان نے تبدیلی اور نئے پاکستان کا جو خواب دیکھا ہے اس کی عملی تعبیر پیش کروں گا۔ ماضی میں وسائل کا رْخ دوسری طرف موڑ دیا گیا اور جنوبی پنجاب کے اضلاع پسماندگی کا شکار ہو کر بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہیں۔ ان محرومیوں کا میں خود شاہد ہوں کہ میرا اور میرے آباؤ اجداد کا تعلق اسی دھرتی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری محرومیوں کے دن ختم ہونے والے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے تمام علاقوں میں انہی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے اور ڈیرہ صحیح معنوں میں ’’پھلاں دا سہرا‘‘ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں پنجاب کے ہر ضلع، ہر تحصیل اور ہر شہر میں جاؤں گا۔ پنجاب کے ہر شہری کیلئے میرے دروازے کھلے ہیں اور ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ عثمان بزدارسے پیپلز پارٹی لورالائی ڈویڑن کے صدر و چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل بارکھان بلوچستان وڈیرہ امیر محمد خان کھیتران نے ملاقات کی۔ اس موقع پر امیر محمدخان کھیتران کا پیپلز پارٹی چھوڑ کر اپنے قبیلے اورساتھیوں کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ امیرمحمد خان کھیتران سابق وفاقی وزیرمیر باز خان کھتران کے بھائی ہیں۔ سردار عثمان بزدار نے طلبہ کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ طلبہ کی تربیت اور ذہنی استعداد بڑھانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
عثمان بزدار

ای پیپر-دی نیشن