ایران کیساتھ تجارت کرنیوالے یورپی اداروں کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا: امریکہ
واشنگٹن(این این آئی)امریکہ نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ تجارت کے تحفظ کے لیے یورپی یونین کے خصوصی پروگرام میں شرکت کرنے والے یورپی بینکوں اور کمپنیوں کو امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ انتباہ ایران کے لیے امریکہ کے خصوصی مندوب برائن ہْک نے ایک ٹیلی فونک بریفنگ کے دوران دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ کے بڑے تجارتی اداروں کو معلوم ہے کہ امریکہ ایران کے خلاف نئی اور سخت پابندیوں کو بہرصورت یقینی بنائے گا۔ یورپی یونین نے ایران کے ساتھ لین دین کا نیا نظام (ایس پی وی) رواں ماہ سے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم اب تک کسی رکن ملک نے اس کی میزبانی کرنے کا اعلان نہیں کیا۔