• news

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ایگزیکٹو کمیٹی کی سربراہی بھی سنبھال لی

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) اختیارات میں کمی کا دعوی کرنیوالے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے ایگزیکٹو کمیٹی کی سربراہی بھی سنبھال لی۔ دو ہزار سترہ میں نجم سیٹھی کے چیئرمین بننے کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی ختم کر دی گئی تھی۔ اب احسان مانی کے چیئرمین بننے کے بعد اس کمیٹی کو دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کو ایگزیکٹو کمیٹی کا سیکرٹری مقرر گیا ہے۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر اراکین میں گورننگ بورڈ کے رکن لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ جاوید ضیاء ، وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے کرکٹ بورڈ میں نامزد کیے جانیوالے گورننگ بورڈ کے رکن اسد علی خان،کوئٹہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن مراد اسماعیل‘پی سی بی کے چیف فنانشل آفیسر بدر منظور بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔دوہزار چودہ میں شہریار خان کے چیئرمین بننے کے بعد نجم عزیز سیٹھی تین سال تک ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت خدمات انجام دیتے رہے اسی دوران انہوں نے پاکستان سپر لیگ کا آغاز بھی کیا۔ احسان مانی کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی میں بورڈ کے سربراہ کو کمیٹی کے کسی بھی رکن کو ہٹانے کا اختیار حاصل ہے۔ ایگزیکٹو کمیٹی بورڈ آف گورنرز میں پیش ہونیوالے اہم معاملات میں چیئرمین پی سی بی کی معاونت اور سفارشات مرتب کریگی۔ کمیٹی کے اراکین کو بورڈ کے کسی بھی شعبے اور ایسوسی ایشنز سے اہم معاملات پر تفصیلات حاصل کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ کمیٹی اہم معاملات پر سفارشات پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کو بھجوائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن