• news

مارچ تک سیاست میں جھاڑو پھر جائے گا، فالودے والے کے سر پر کھیلنے والے جیل جائیں گے: شیخ رشید

لاہور(سٹاف رپورٹر، ایجنسیاں)پاکستان ریلوے 100دن کے ٹارگٹ میں 10ٹرینیں چلانے کا ہدف پوراکرے گا۔6ٹرینیں چلاچکاہے اورچار ٹرینوں کا افتتاح 23نومبر کو عمران خان کریں گے جن میں سندھ ایکسپریس کراچی سے سکھر ، شاہ عبدالطیف بھٹائی ایکسپریس کراچی تا میرپورخاص ، لاہورفیصل آباد نان سٹاپ لاہور سے براستہ فیصل آباد ملتان تک اور اسی طرح رحمان بابا ایکسپریس پشاور سے کراچی کے لیے چلائی جائے گی ۔ فریٹ ٹرینوں کی تعداد میں اضافے کے بعد اب تعداد 8 سے بڑھ کر 10ہوچکی ہے۔ ایک فریٹ ٹرین 25 دسمبر اور دوسری جنوری کے آخر میں چلائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس میں کیا۔ وزیر ریلویز نے کہا کہ 155 سب انجینئرزکی خالی آسامیوں کی بھرتیوں کا اشتہار اخبار میںدے چکے ہیں اور 9 دسمبر سے آگے اس کی تاریخ میں اضافہ نہیں کیا جائےگا۔11 ہزار خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے 21 نومبر کو اشتہار شائع ہوجائے گا جس کی آخری تاریخ 11دسمبر ہوگی۔ٹرینوں میں معذوروں کے لیے باتھ روم بنائے جائیںگے۔ وزیر ریلوے نے سٹوڈنٹس کے لیے دسمبر کی چھٹیوں میں 25دسمبر سے 10 جنوری تک ٹرینوں میں50فیصد ڈسکاﺅنٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔ جو آفیسر اپنی فیلڈ ڈیوٹی پوری نہیں کرے گا وہ اس عہدے کا حقدار نہیں ہوگا۔ہم شالیمار ہسپتال ، رائل پام اور بزنس ٹرین کا کیس جو نیب اور سپریم کورٹ میں چل رہے ہیں اس سلسلے میں ہم نیب اور سپریم کورٹ سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے کیسز کا فوری فیصلہ کیاجائے اور ریلوے کو اُس کا حق دلایا جائے تاکہ اس کے خسارے میں کمی ہو اور ریونیو میں اضافہ اور قومی ادارے سے انصاف ہوسکے ۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ چوہدری نثار ن لیگ یا پی ٹی آئی میں نہیں جا رہے، چوہدری نثار نے میری بات کو درست قرار دیا کہ ایکسپریس ٹرین کبھی مسافروں کا انتظار نہیں کرتی، اس وقت چوہدری نثار کے پاس 40 لوگ تھے، مارچ تک سیاست میں جھاڑو پھر جائے گا،فالودے ، ویلڈنگ کے سر پر کھیلنے والے جیل کا خام مال ہیں، گولی اندر اور چوہے جالندھر میں ہوں گے۔ معلوم نہیں کہ عمران خان نے کس سوال کے جواب میں یوٹرن کا جواب دیا۔ ہمیں فرینڈلی میڈیا نہیں مل رہا ہے جس کی ہم توقع رکھتے تھے۔ ہمارے ساتھ میڈیا کی وہ محبتیں نہیں ہیں،فواد چودھری بہترین جاب کررہا ہے۔
شیخ رشید

ای پیپر-دی نیشن