• news

اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ٹیلنٹ سامنے آئے گا:اصغر گل

لاہور( نمائندہ سپورٹس ) قومی اتھلیٹکس ٹیم کے ہیڈکوچ اصغر علی گل نے کہا ہے کہ قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کی توقع ہے۔ انہوں نے پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کی جانب سے سکولز کی ٹیم جونیئر اینڈ یوتھ چیمپئن شپ میں شامل کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کی توقع ہے اورچیمپئن شپ کے دوران شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو سائوتھ ایشین گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں تربیتی کیمپ میں مدعو کرکے ان کو تربیت دی جائے گی۔ سائوتھ ایشین گیمز آئندہ برس نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں کھیلی جائے گی اور سائوتھ ایشین گیمز کے منعقد ہونے میں تین ماہ باقی ہیں اور ابھی تک تیاری کے سلسلہ میں کوئی تربیتی کیمپ شروع نہیں ہوئے لیکن پاکستان سپورٹس بورڈ سائوتھ ایشین گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں تربیتی کیمپ کا آغاز فوری طورپر کرے تاکہ کھلاڑی محنت کرکے ملک کا نام روشن کریں۔ قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ جناح سٹیڈیم جاری ہے جس میں ملک بھر سے چودہ مرد اور خواتین کی ٹیموں کے 500 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ان ٹیموں میں پاکستان آرمی، واپڈا، ائرفورس، نیوی، ریلوے، ہائرایجوکیشن کمشن، پنجاب، سندھ، خیبرپی کے ‘بلوچستان، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، فاٹا اور گلگت بلتستان شامل ہیں۔ ایونٹ میں شریک مردوخواتین ایتھلیٹس ہائی جمپ، ٹرپل جمپ، لانگ جمپ، ہیمر تھرو، جیولین تھرو، شارٹ پٹ، ڈسکس تھرو ، میرا تھن، پاک والٹ، 20 کلو میٹر ریس، 100 میٹر دوڑ ، 200 میٹر دوڑ، 400 میٹر دوڑ، 800 میٹر دوڑ، 15 سو میٹر دوڑ اور 5 ہزار میٹر دوڑ، 4X100 میٹر ریلے، 4X400 میٹر ریلے، 100 رکاوٹوں کی دوڑ، 110 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ اور 400 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں ۔ چیمپئن شپ میں مردوں کے 23 اور خواتین کے21 ایونٹس ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن