فیصل آباد: گولڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ شیر پنجاب کلب نے جیت لیا
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ڈویژنل سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اورڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول ڈی گرائونڈ میں کھیلا جانے والا فیصل آباد گولڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ کا فائنل شیر پنجاب کلب نے جیت لیا۔کانٹے دار فائنل میچ میں شیر پنجاب کلب نے اتحاد کلب چک جھمرہ کو 21-29پوائنٹ سے شکست دی۔ٹورنامنٹ میں گیلانی کبڈی کلب نے تیسری اورعالم کبڈی کلب نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔فائنل میچ کے موقع پر ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری اورآر پی او غلام محمود ڈوگر مہمانان خصوصی تھے جنہوں نے ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 60ہزارروپے اوررنر اپ ٹیم کو 40ہزارروپے کا نقد انعام دیا جبکہ کمشنر کی طرف سے فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کو عمدہ کھیل پر 25/25ہزارروپے کا اضافی انعام بھی دیا گیا۔ٹورنامنٹ میں نفیس گجر نے بہترین سٹاپراوروسیم کمبوہ نے ریڈرکاایوارڈ حاصل کیا۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر،ڈپٹی میئر شیخ محمدیوسف،چیئرمین میونسپل کمیٹی کھرڑیانوالہ رانا احدخاں،صدرڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن جاوید کمال،صدر ڈسٹرکٹ کبڈی ایسوسی ایشن پرویز اقبال کموکا،چوہدری امجد بھولا،سردار سنتوک سنگھ،طیب گیلانی اور دیگر منتظمین بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے اعلان کیا کہ ملک بھر سے کبڈی کی ٹیموں پر مشتمل 41ویں نیشنل کبڈی چیمپئن شپ 2سے 6جنوری 2019ء تک اقبال سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔انہوں نے جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس ٹورنامنٹ کی بدولت شائقین کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے اورفائنل پر شائقین کا بے حد رش اوربھرپور جوش وخروش اس دیسی وثقافتی کھیل کی مقبولیت کی غمازی کرتا ہے جس کے فروغ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔آر پی او نے کہا کہ نوجوان نسل میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کھیلوں کے مسلسل انعقاد کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔انہوں نے عمدہ کھیل پیش کرنے والے پہلوانوں کو مبارکباد دی ۔اس موقع پر بتایا گیا کہ ایک روزہ کبڈی ٹورنامنٹ میں 80کلوگرام وزن سے کم 8مختلف کلبز کی ٹیموں نے حصہ لیا۔